لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ کے نومنتخب چیئرمین احسان مانی نےکہا ہے کہ سیریز کھیلنے کے لیے بھارت کی منت سماجت نہیں کریں گے، بورڈ میں نوسو ملازمین ہیں جسے کم کیا جائے گا۔احسان مانی نے لاہور میں نئےپی سی بی چیئرمین کی حیثیت سے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فور کے 8میچز پاکستان میں کرائے جائیں گے،کوشش ہوگی جلد از جلد پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہوں۔انہوں نےمزید کہا کہ ریجن کی ایسوسی ایشن کو پاور فل بنائیں گے، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو ساتھ لے کر چلیں گےجبکہ بورڈ ملک کے8اسٹیدیمز چلا رہا ہےلیکن یہ کام تو ایسوسی ایشن کا ہے ۔اس سے قبل پی سی بی کے گورننگ بورڈ اجلاس میں احسان مانی کے مقابلے میں کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا،وہ بلا مقابلہ اگلے 3 برس کےلیے نئے چیئر مین پی سی بی منتخب ہوئے تاہم وہ بورڈ کے 33 ویں چیئر مین ہیں۔