نئی دہلی(سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ کے ہاتھوں پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں چار ایک کی شکست کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ روی شاستری شدید تنقید کی زد میں آگئے ہیں،ان کی کوچنگ میں ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی نمبر ون ٹیم کو غیر ملکی دورے پر یہ دوسری شکست کھانی پڑی ہے اس سے قبل بھارت کی ٹیم دورہ جنوبی افریقہ میں بھی شکست سے دوچار ہو چکی ہے، روی شاستری پر تنقید کرتے ہوئے ایک کرکٹ کی ویب سائٹ کے ایڈیٹر سمبت بال نے کہا ہے کہ روی شاستری انگلینڈ کیخلاف خوش فہمی کا شکار رہے اور یہی ٹیم کی شکست کی وجہ بن گئی، معروف کمنٹیٹر ہرشا بوگلے کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارت کی ٹیم عالمی نمبر ون ہے مگر انگلینڈ کے ہاتھوں پانچ ٹیسٹ میچوں میں چار ایک سے شکست کے بعد اسے بہت کچھ سوچنا اور بہترکرنا پڑے گا، اس شکست کی بڑی وجہ روی شاستری کی ناقص کوچنگ بھی ہے، بھارتی میڈیا میں بھی شکست کے بعد روی شاستری شدید تنقید کی زد میں ہیں اور ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔