شاہد آفریدی کا کینسرکی شکار کھلاڑی مہک کی مدد کا اعلان

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)عالمی شہرت یافتہ سابق مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کینسر کے مرض کا شکار ٹیبل ٹینس کی کمسن کھلاڑی مہک انور کا علاج کرانے کا اعلان کردیا۔مہک انور ٹیبل ٹینس کی کھلاڑی ہیں اور گزشتہ سال 24ویں جونیئر اینڈ کیڈٹ ٹیبل ٹینس چیمپیئن شپ میں سندھ کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہیں اور ان کے والد نے حکومت سے کم سن کھلاڑی کے علاج کی درخواست کی تھی۔ان کی اس اپیل کا نئی حکومت نے نوٹس لیا تھا اور وزیراطلاعات فواد چوہدری نے 21اگست کو اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ وزیر اعظم نے مہک انور کی بیماری کا نوٹس لے لیا تھا۔

اس ٹوئٹ کے دو دن بعد رکن قومی اسمبلی اکرم چیمہ نے کینسر کے مرض میں مبتلا مہک کے گھر جا کر تیمارداری کی تھی لیکن 20دن گزرنے کے بعد بھی حکومت کی جانب سے کوئی مدد فراہم نہیں کی گئی۔مہک نے بتایا کہ ان کے والدین کی علاج پر تمام تر پونجی خرچ ہو چکی ہے اور انہوں نے کافی قرض بھی لیا لیکن اب ان کے پاس اس علاج کو جاری رکھنے کی سکت نہیں۔مہک انور اور ان کے والدین نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مدد کی درخواست کی تھی لیکن اس کے جواب میں فواد چوہری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘وزیر اعظم اپنے صوابدیدی فنڈز سے پہلے ہی دست بردار ہو چکے ہیں، علاج کا حکم دے چکے ہیں لیکن انفرادی مالی امداد اب وزیر اعظم کا اختیار نہیں’۔تاہم قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹیبل ٹینس کی کمسن کھلاڑی کی بیماری کا نوٹس لیا اور ان کا علاج کرانے کا اعلان کیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر ویڈیو میں مہک انور نے بتایا کہ شاہد آفریدی نے ان کی اس اپیل کا نوٹس لیا اور مدد کی جس پر وہ ان کی بہت مشکور ہیں۔

https://twitter.com/twitter/statuses/1040225933146370049

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان کی جانب سے قائم شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے تحت ملک بھر میں غریب و بے سہارا بچوں کے ساتھ ساتھ علاج و دیگر بنیادوں سہولیات سے محروم افراد کی مدد کی جاتی ہے۔

تعارف: newseditor