کولمبو (سپورٹس لنک رپورٹ)سری لنکن ویمن کرکٹ ٹیم نے بھارت کیخلاف آٹھ متواتر ناکامیوں کے بعد بالآخر فتح حاصل کرلی،میزبان ٹیم نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد آئی سی سی ویمن کرکٹ چیمپئن شپ کے تیسرے ایک روز میچ میں شکست سے دوچارکردیا،میچ میں کامیابی میں اہم کردار چماری اتاپتو کا رہا جنہوں نے ایک سو پندرہ رنزکی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو یہ کامیابی دلوائی دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کی متھالی راج کی سنچری رائیگاں چلی گئی، سری لنکن ویمن کرکٹ ٹیم نے بھارت کیخلاف254 رنز کا ہدف حاصل کر کے نیا ملکی ریکارڈ بھی قائم کر دیا
آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کے سلسلے میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں بھارت ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 253 رنز بنائے، کپتان متھالی راج نے 125 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہیں،سمرتی مندھانہ 51 رنز رنز بنا کر دوسری نمایاں کھلاڑی رہیں، جواب میں سری لنکن ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر 7 وکٹوں پر پورا کیا، چماری اتاپتو نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور 115 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ جھولن گوسوامی اور جوشی نے دو، دو وکٹیں لیں۔