دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میںہانگ کانگ ٹیم بھارت کیخلاف اچھے آغاز کے باوجود میچ پر گرفت مضبوط نہ رکھ سکی اور اسے ٹورنامنٹ میں دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، بھارت نے اپنے تجربے کے بل بوتے پر ہانگ کانگ کی ٹیم کو (26)رنز سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں جیت کے ساتھ آغاز کردیا ، آج بھارت کا مقابلہ روایتی حریف پاکستان کے ساتھ ہوگا،تفصیلات کے مطابق ہانگ کانگ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔بھارتی ٹیم نے اپنے پہلے ہی میچ میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور مقررہ 50اوورز میں حریف ہانگ کانگ کے لیے7 وکٹ کے نقصان پر286 رنز کا ہدف مقرر کیا۔ٹیم کی جانب سے شیکھر دھون نے شاندار 127رنز کی اننگز کھیلی، امبتی رائدو بھی 60رنز بنا کر ہاتھ دکھا گئے اور دنیش کارتھک33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تاہم ہانگ کانگ بولرز کی جانب سے کنچت شاہ نے 3، احسن خان 2 اور احسن نواز،اعزاز نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی ۔
اس سے قبل ہانگ کانگ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو بھارتی سورمائوں نے ہانگ کانگ کے فیصلے کو غلط ثابت کردیا، اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا لیکن کپتان روہت شرماجلد ہی 23رنز پر احسن نواز کو وکٹ دے بیٹھے۔روہت کی وکٹ گرنے پر شیکھر دھون اور امبتی رائدو نے پریشر نہ لیا اور جارحانہ انداز میں کھیل جاری رکھتے ہوئے نصف سنچریاں بنائیں اور دوسری وکٹ پر 116رنز کی شراکت قائم کی۔ہانگ کانگ کی جانب سے کنچیت شا تین جبکہ احسان خان دو وکٹیں لیکر نمایاں بائولر رہے، جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں اچھا آغاز کیا اوپنر نزاکت اور کپتان انشومن نے 174رنز کی شراکت فراہم مگر ان دونوں کے آئوٹ ہونے کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے اور مطلوبہ رن ریٹ کے بڑھ جانے سے ہانگ کانگ کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے حصول میں پیچھے رہ گئی، ہانگ کانگ کی جانب سے نزاکت خان نے 92،انشومن نے 73 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی بھارتی بولرز کی جانب سےیوزوندر چاہل، خلیل احمد نے 3،3جبکہ کلدیپ یادو نے2 شکار کیے۔