ایشیا کپ،افغانستان نے بھارت کو ناکوں چنے چبوا دیئے،میچ ٹائی


دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں دو میچوں میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان اور بھارت سے ہارنے والی افغانستان کی ٹیم نے اپنی تیسری کوشش میں کامیابی تو حاصل نہ کی تاہم اب تک کی ناقابل شکست بھارت کی مضبوط ٹیم کیخلاف دلچسپ اور سنسنی مقابلے کے بعد میچ کو ٹائی کرنے میں کامیاب رہے اور شائقین کرکٹ اس ٹائی کو ہی افغانستان کی بڑی جیت قرار دے رہے ہیں،افغانستان کی ٹیم بے شک جیت نہ سکی تاہم اس نے بھارت کے ناقابل شکست رہنے کے ریکارڈ کو توڑ ڈالا ہے جو ابھی تک کوئی بھی ٹیم نہ توڑ پائی تھی،تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹیم میں پانچ تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اترنے والی بھارتی ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔بھارت نے میچ کے لیے اوپنر شیکھر دھاون، روہت شرما، یزویندر شاہل، جسپریت بمراہ اور بھوونیشور کمار کو آرام کرایا اور ان کی جگہ لوکیش راہل، خلیل احمد، منیش پانڈے، دیپک چاہر اور سدہارتھ کول کو ٹیم کا حصہ بنایا۔افغان اوپنر نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور جاوید احمدی کے ہمراہ ٹیم کو 65رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا جس میں جاوید کا حصہ محض پانچ رنز تھا۔تاہم اس موقع پر بھارتی اسپنرز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے بڑے ہدف کی جانب گامزن افغانستان کی ٹیم کی یکے بعد دیگرے چار وکٹیں لے کر انہیں مشکلات سے دوچار کردیا۔جاوید احمدی 5، رحمت شاہ 3 بنا کر جدیجا کی وکٹ بنے جبکہ کلدیپ یادو نے لگاتار گیندوں پر حشمت اللہ شاہدی اور اصغر کا کام تمام کیا۔82رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد شہزاد کا ساتھ دینے گلبدین نائب آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 50رنز کی شراکت قائم کی جبکہ اس دوران شہزاد نے اپنی ریکارڈ ساز سنچری بھی مکمل کر لی۔تاہم 132 کے اسکور پر دیپک چاہر نے گلبدین کو آؤٹ کر کے انہیں انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ بنا لیا۔شہزاد نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور تجربہ کار محمد نبی کے ساتھ مل کر اسکور کو 180تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ ٹیم کی بڑے اسکور کی راہ بھی ہموار کی۔محمد شہزاد نے آؤٹ ہونے سے قبل 116 گیندوں پر 7 چھکوں اور 11چوکوں کی مدد سے 124 رنز بنائے۔شہزاد کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد نبی نے ذمے داری سنبھالی اور نجیب اللہ زدران کے ہمراہ اسکور کو 226 تک پہنچا دیا، وہ چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 64رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔اختتامی اوورز میں افغانستان کی ٹیم زیادہ تیز رفتاری سے رنز نہ بنا سکی اور مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 252رنز بنا سکی۔واضح رہے کہ ایشیا کپ 2018 میں یہ بھارت کے خلاف اب تک کسی بھی ٹیم کا پہلے بیٹنگ کے لیے سب سے بڑا اسکور ہے اور کوئی بھی ٹیم انہیں جیت کے لیے اس سے بڑا ہدف نہیں دے سکی۔بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجا 3وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ کلدیپ یادو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز امبتی رائیڈو اور لوکیش راہل نے 110 رنز کی شراکت قائم کر کے میچ کو کافی حد تک یکطرفہ بنا دیا لیکن اس موقع پر افگان اسپنرز عمدہ باؤلنگ کے ذریعے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔راہل 60 اور رائیڈو 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ قائم مقام کپتان مہندرا سنگھ دھونی صرف 8رنز بنا سکے۔دنیش کارتھک اور منیش پانڈے نے اسکور 166 تک پہنچایا لیکن پانڈے کی اننگز بھی صرف 8رنز پر ہی تمام ہوئی۔کیدار جادھو وکٹ پر آئے تو کارتھک کے ساتھ مل کر ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرائی پھر یکے بعد دیگر دونوں کھلاڑی بالترتیب 19 اور 44 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جس کے ساتھ ہی میچ دلچسپ شکل اختیار کر گیا۔205 پر چھ وکٹیں گرنے کے بعد رویندرا جدیجا کا ساتھ دینے کے لیے پہلا میچ کھیلنے والے دیپک چاہر آئے اور دونوں نے 21رنز جوڑ کر بتدریج ہدف کی جانب پیش قدمی کی لیکن آفتاب عالم نے چاہر کی وکٹیں بکھیر کر ایک مرتبہ اپنی ٹیم کی میچ میں کامیابی امیدیں روشن کر دیں۔اختتامی اوورز میں بھارتی بیٹنگ لائن افرا تفریح کا شکار نظر آئی اور 49ویں اوور میں کلدیپ یادو کے بعد سدہارتھ کول کے رن آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم 9وکٹوں سے محروم ہو گئی۔میچ کے آخری اوور میں بھارت کو فتح کے لیے 7 رنز درکار تھے اور جدیجا نے راشد خان کی پہلی گیند روکنے کے بعد دوسری گیند کو باؤنڈری کے پار بھیج دیا۔اس کی اگلی گیند پر جدیجا نے ایک رن لیا جبکہ اگلی گیند پر خلیل نے بھی سنگل لے کر مقابلہ برابر کردیا اور بھارت کو آخری دو گیندوں پر جیت کے لیے ایک رن درکار تھا۔تاہم جدیجا اپنے اعصاب پر قابو نہ رکھ سکے اور بڑا شاٹ مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ ہو گئے اور میچ دونوں ٹیموں کے اسکور کی برابری کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔افغانستان کی جانب سے راشد خان، محمد نبئی اور آفتاب عالم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

تعارف: newseditor