لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں فائنل دوڑ سے باہر ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ دبئی میں ہی شروع ہونے والی آسڑیلیا کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سات اکتوبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے سترہ رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ،بورڈ نے کپتان سرفراز احمد پر اعتماد برقرار رکھتے ہوئے قیادت انہی کو سونپی ہے جبکہ فاسٹ بائولر محمد ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی کے باعث سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ٹیم میں فاسٹ بولر وہاب ریاض اور میرحمزہ کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اظہرعلی، فخرزمان، امام الحق، بابراعظم، اسد شفیق، عثمان صلاح الدین، حارث سہیل، یاسرشاہ، شاداب خان، بلال آصف، محمد عباس، حسن علی، فہیم اشرف اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگی جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ دبئی میں 7 اکتوبر سے کھیلا جائے گا۔آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے فوراً بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کی سیریز شروع ہوگی جس میں دونوں ٹیمیں تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ون ڈے میچز میں مدمقابل ہوں گی۔