لاہور۔(سپورٹس لنک رپورٹ)دوسرا چیف آف نیول سٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ یکم اکتوبر سے سات اکتوبر تک نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوگا جس میں ملک بھر سے 8ٹیمیں حصہ لیں گی جنھیں دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ٹورنامنٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کموڈور نعمت اﷲ ( اسٹیشن کمانڈر نیوی لاہور)نے بتایا کہ ایونٹ میں واپڈا ،نیشنل بنک آف پاکستان ،سوئی سدرن ،گیس کمپنی ،سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ ،پولیس ،پورٹ قاسم اتھارٹی ،پی اے ایف اور پاکستان نیوی کی ٹیمیں شامل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ٹورنامنٹ کے انعقاد میں تعاون کرنے پر ہم پی ایچ ایف اور پنجاب سپورٹس بورڈ کے مشکور ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نیوی کھیلوں کو بہت اہمیت دیتی ہے ۔ نیوی کے کھلاڑی کرکٹ اور ہاکی کی قومی ٹیموں میں بھی شامل ہیں ۔قومی کرکٹ ٹیم میں فخر زمان جبکہ ہاکی میں راشد محمود ہیں ۔کموڈور نعمت اﷲ کا کہنا تھا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے جو کہ کافی عرصہ سے زوال کا شکار ہے ۔پاکستان نیوی اس کھیل کو بحال کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ چیف آف نیول سٹاف کھیلوں سے پیار کرتے ہیں اور انہوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ٹورنامنٹ کی انعامی رقم پانچ لاکھ روپے ،رنر اپ کے لئے تین لاکھ اور تیسری پوزیشن کیلئے دو لاکھ روپے ہے ۔پلیئر ز آف دی ٹورنامنٹ کو پچاس ہزار ،ٹاپ سکورر اور بہترین گول کیپرز کو 25ہزارفی کس دیا جائے گا ۔