دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)ٹیسٹ اوپنر شان مسعود ایشیا کپ کی 16رکنی ٹیم میں واحد کھلاڑی تھے، جنہیں کسی میچ میں موقع نہیں ملا اور اب سلیکٹرز نے انہیں دبئی میں روک لیا ہے، جہاں وہ ہفتے سے آئی سی سی اکیڈمی میں آسٹریلیا کے خلاف سائیڈ میچ میں پاکستان اے ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔پاکستانی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے لیے دبئی میں ہے، جہاں وہ 2 ٹیسٹ سیریز سے قبل واحد چار روزہ پریکٹس میچ ہفتے سے دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے گی۔حیران کن طور پر پاکستان اے ٹیم میں کوئی ریگولر اسپنر شامل نہیں ہے، جس کا یہی مطلب نظر آرہا ہے کہ مہمان ٹیم کو چار روزہ پریکٹس میچ میں اسپنرز کے خلاف پریکٹس نہ ملے۔ٹیسٹ ٹیم میں امام الحق اور اظہر علی ریگولر اوپنرز ہوں گے۔ سلیکٹرز نے ٹیسٹ اسکواڈ میں فخر زمان کو تیسرے اوپنرکے طور پر برقرار رکھا ہے جو ایشیا کپ میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔ پانچ ون ڈے میچوں میں 56 رنز بنانے والے فخر زمان ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ہیں۔پاکستان اے ٹیم میں تین اوپنرز کے ساتھ سلیکٹرز نے شان مسعود کو بھی چار روزہ میچ میں آزمانے اور پھر انہیں ٹیسٹ ٹیم میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے باعث انہیں دبئی میں روک لیا گیا ہے۔پاکستان اے ٹیم میں فاسٹ بولر وہاب ریاض، راحت علی، وقاص مقصود، عامر یامین اور عمید آصف شامل ہیں، جبکہ تین اسپنرز یاسر شاہ، شاداب خان اور بلال آصف کو شامل کیا گیا ہے۔آسٹریلوی ٹیم نے بھی پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے دبئی میں اپنی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ پاکستان کی سیریز کی تیاریوں کے لیے بھارت کے سابق کرکٹر سری دھرن سری رام کو اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے دبئی میں شروع ہوگا۔آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی ٹم پین کریں گے جبکہ چار روزہ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں اسد شفیق (کپتان)، شان مسعود، سمیع اسلم، عابد علی، افتخار احمد، عثمان صلاح الدین، سعد علی، آغا سلمان، محمد رضوان، وقاص مسعود، وہاب ریاض، راحت علی، عامر یامین، عمید آصف اور سعود شکیل شامل ہیں۔