انٹر سکول تھرو بال ٹورنامنٹ ختم ہو گیا


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)سندھ کولیگن گرلز انٹر اسکول سب جونئیر،جونئیر،سینئر اور یو نیورسٹی لیول تھروبال ٹورنامنٹ اختتام کو پہنچ گیا ،سٹی اسکول پی اے ایف چیپٹر ،سٹی اسکول ڈی کے کیمپس اورسیڈر کالج نے مختلف کیٹیگریز کے فائنل جیت لئے ۔سندھ تھروبال ایسوسی ایشن کی میزبانی اور پاکستان تھروبال فیڈریشن کی زیر نگرانی کامیاب ایونٹ کا انعقاد سٹی اسکول پی اے ایف چیپٹر میں کیا گیا تھا ،فائنل مقابلوں میں بہترین اور سنسنی خیز کھیل دیکھنے میں آیا ۔سب جونیئر کیٹیگری کے فائنل میں سٹی اسکول پی اے ایف چیپٹر نے ڈی ایچ اے فیزفور کو 2-1سے شکست دے کر ٹرافی جیتی ،تیسری پوزیشن کے میچ میں سٹی اسکول ڈی کے کیمپس نے حبیب گرلز اسکول کے خلاف میچ جیت کر وکٹری اسٹینڈ تک رسائی کو یقینی بنایا ۔جونیئر کیٹیگری کے فائنل میں سٹی اسکول ڈی کے کیمپس نے میدان مار لیا

فائنل میں انہوں نے ڈی ایچ اے فیز فور کو شکست دی ،تیسری پوزیشن کے میچ میں کانوینٹ جیسس میری اسکول نے کامیابی سمیٹ کر برانز میڈل اپنے نام کیا ۔سینئر اے لیول کیٹیگری میں سیڈر کالج نے نکسر کالج وائٹس کو2-1سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ تیسری پوزیشن کے میچ میں ڈی سی ڈبلیوکالج ڈیفنس نے فتح حاصل کی ۔یو نیورسٹی لیول کیٹیگری میں سیڈر کالج نے این ٹی اے یونیورسٹی کو مات دے کر ٹائٹل جیتا جبکہ ضیا الدین یونیورسٹی نے تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا ۔

فائنل کے موقع پرپاکستان تھروبال فیڈریشن کے سینئر نائب صدر اور ایڈیشنل ڈائرکٹر ایف آئی اے سندھ روبن یامین اور سٹی اسکول پی اے ایف چیپٹر کے پرنسپل سائمن گیکیسن مہمانان خصوصی تھے جنہوں نے تقریب تقسیم انعامات میں کامیاب ٹیموں کو ٹرافیاں اور دیگر انعامات دیے

فاتح اسکول کو 20ہزار روپے کی انعامی رقم بھی دی گئی ،اس موقع پر پاکستان تھروبال فیڈریشن کے سیکریٹری مقبول آرائیں نے ایونٹ کی ٹیموں ،آفیشلز اور مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا ۔ایونٹ کے فائنل میچوں کو عائشہ رزاق ،رزمینہ سلطانہ،درخشاں احسان،ثمن انور،ابو سفیان،جمال الدین ،عدنان ترین اور ایون فیڈرک نے سپر وائز کیا تھا ۔اس موقع پر محمد ریاں ،ارشد خان ،جعفر شاہ،کرن وہرہ،رزمینہ،وسیم رحمان،شکیل احمد اور دیگر بھی موجود تھے ۔

 

 

 

تعارف: newseditor