دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے فارمیٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی جس میں بھارتی اور افغان کھلاڑیوں کی ترقی ہوئی جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی ناکامی کا اثر براہِ راست کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی پر پڑا اور کئی کھلاڑی ون ڈے کی درجہ بندی میں اپنی پوزیشن بھی برقرار نہیں رکھ سکے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی نئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق انگلینڈ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ بھارت دوسرے نمبر پر ہے۔ایشیا کپ میں صرف 2 فتوحات کے باوجود پاکستان فہرست میں 5ویں نمبر پر موجود ہے۔ایک روزہ کرکٹ میں دنیا کے بہترین بلے بازوں کی فہرست میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی ہی پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ ایشیا کپ میں شاندار بیٹنگ پرفارمنس کی بدولت بھارت کے قائم مقام کپتان روہت شرما نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔انگلینڈ کے جو روٹ تیسرے، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر چوتھے اور بھارت کے شیکھر دھوان پانچویں نمبر ہیں۔پاکستان کے بابر اعظم فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں جبکہ ان کے بعد کسی دوسرے پاکستانی بیٹسمن کا نمبر 19واں ہے جس پر فخرزمان موجود ہیں۔باؤلنگ کے شعبے میں پاکستان کے حسن علی سرفہرست 10 باؤلر میں شامل ہیں تاہم وہ بھی ایشیا کپ میں بہتر کارکردگی نہیں دکھا سکے لیکن نئی رینکنگ میں ان کی پوزیشن مستحکم رہی۔بھارت کے جسپریت بمرا ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر، افغانستان کے اسپنر راشد خان دوسرے نمبر پر موجود ہیں، تاہم ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی دکھا کر بھارت کے کلدیپ یادیو نے تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔پاکستان کے حسن علی اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں۔آل راؤنڈر کی فہرست افغانستان کے نام رہی جہاں ایشیا کپ کے دوران بہترین بیٹنگ اور باؤلنگ پرفارمنس کی بدولت راشد خان نمبر ایک آل راؤنڈر بن گئے۔ان ہی کے ہم وطن اور تجربہ کار محمد نبی تیسری نمبر پر آگئے، تاہم اس فہرست میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کا دوسرا نمبر ہے۔قومی کرکٹ ٹیم سے باہر ہونے والے محمد حفیظ کی آل راؤنڈرز میں 5ویں پوزیشن برقرار ہے۔