راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ) قائد اعظم ٹرافی ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں راولپنڈی نے واپڈا، حبیب بنک نے فاٹا، نیشنل بنک نے اسلام آباد، پی ٹی وی نے کراچی وائٹس، سوئی سدرن گیس کارپوریشن نے لاہور بلیوز، کے آر ایل نے لاہور وائٹس، ملتان نے زیڈ ٹی بی ایل اور پشاور نے سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کو شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کے چوتھے مرحلے میں راولپنڈی نے واپڈا کو با آسانی100 رنز سے ہرایا۔ راولپنڈی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے، اوپنر ذیشان ملک نے 145 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ واپڈا کی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 162 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کپتان سلمان بٹ 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اویس اقبال نے پانچ اور عامر سہیل نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ حبیب بنک نے فاٹا کو 26 رنز سے ہرایا، حبیب بنک نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 333 رنز بنائے۔ عمر اکمل 92 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ فاٹا کی ٹیم ہدف کا حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 307 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، آصف، اسد اور خوشدل نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ حبیب بنک کے عباس آفریدی نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیشنل بنک نے اسلام آباد ریجن کو 226 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ فاتح ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنائے، عمر صدیق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 157 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، رمیض راجہ 99 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ جواب میں اسلام آباد کی ٹیم صرف 120 رنز بنا سکی۔ کامران غلام نے 7 وکٹیں حاصل کیں۔ پی ٹی وی نے کراچی وائٹس کو 6 وکٹوں سے زیر کیا۔ پی ٹی وی نے 268 رنز کا ہدف 47 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ علی عمران نے 101 رنز بنائے۔ سوئی سدرن گیس کارپوریشن نے لاہور بلیوز کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ فاتح ٹیم نے 201 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اویس ضیاء 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کے آر ایل نے لاہور وائٹس کو 5 وکٹوں سے مات دی۔ لاہور وائٹس کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 165 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جواب میں کے آر ایل نے ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ جاہد علی نے نصف سنچری بنائی۔ ملتان ریجن نے زیڈ ٹی بی ایل کو 7 وکٹوں سے ہرایا۔ زیڈ ٹی بی ایل نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 253 رنز بنائے، شکیل انصر نے سنچری سکور کی۔ جواب میں ملتان ریجن نے ہدف 45.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ذیشان اشرف 85، خلیل اﷲ 60 اور عمران رفیق 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پشاور نے سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کو 52 رنز سے ہرایا۔ پشاور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے، صاحبزادہ فرحان نے 122 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لیمٹڈ کی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 211 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ محمد الیاس نے تین وکٹیں حاصل کیں۔