اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپورٹس بور ڈ میں انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کے مسائل کو حل نہ کرنے کے سلسلے میں جاری حالیہ تناؤ کے سلسلہ میں وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے واضح ہدایات جاری کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس بی ملازمین کی مراعات کی عدم ادائیگی کے خلاف آل پاکستان سپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین (سی بی اے) عرصے دراز سے انتظامیہ سے ملاقاتیں کر کے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا کہ ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔اور انتظامیہ صرف طفل تسلیوں سے کام چلا رہی ہے۔جس کے پیش نظر گزشتہ جمعے مطالبات کی منظوری کے لیے سی بی اے یونین نے 7دن تک کا وقت دیا گیا ہے ۔ اگر ملازمین کے مسائل کا بروقت حل نہ نکالا گیا تواحتجاج کا راستہ اپنایا جائے گا۔ لیکن ابھی تک ملازمین کے مسائل کے متعلق پی ایس بی انتظامیہ ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے ۔جس کی ڈیڈ لائن آج ختم ہو رہی ہے۔اس سلسلے میں صدر غلام تقی خان بوسن ،سیکرٹری جنرل فرمان خان ،چئیرمین غلام رسول نے وفد کی صورت میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے ملاقات کی ۔جنھوں نے مطالبات سننے کے بعد ان کی فوراً تعمیل کا حکم دیا تاکہ ملازمین کے درمیان پایا جانے والا اضطراب ختم کیا جا سکے۔اس حوالے سے وفاقی وزیر نے کمیٹی بنانے کا حکم دیا اور ڈائریکٹر جنرل کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے یونین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر فوراً حل کیا جائے۔اسی سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل عارف ابراہیم سے بھی ملاقات کی گئی ۔جنھیں یونین کا و اضح موقف بتایا گیا۔اور انھوں نے بھی وفد کو یقین دہانی کروائی کہ انشاء اللہ جلد ہی یہ مسائل حل کر لیے جائیں گے۔