دبئی (عبدالرحمان رضا) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز کل اتوار سے ہو گا اور سیریز کے لیے پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کی کارکردگی کو اہم قرار دیا جانے لگا۔گزشتہ روز میڈیا سے با ت چیت کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف 2ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں یاسر شاہ نسبتاً نئی اور کمزور آسٹریلین بیٹنگ لائن کو نشانہ بنائیں گے۔سرفراز احمد نے کہا کہ 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف ہم نے جارحانہ کرکٹ کھیلی تھی اور ہم بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد پہلا میچ کھیلنے والی اس آسٹریلین ٹیم کے خلاف بھی یہی روش برقرار رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ یاسر شاہ ہمارے اہم ترین باؤلر ہیں اور ہم چاہیں گے کہ وہ اٹیک کرتے ہوئے آسٹریلین وکٹیں لے کر ہمیں سیریز جتانے میں کردار ادا کریں۔سرفراز احمد نے تسلیم کیا کہ 2014 کی سیریز میں صرف 3 وکٹیں لینے والے آف اسپنر نیتھن لایون اب بہتر باؤلر بن چکے ہیں اور ان کا سامنا ہمارے بلے بازوں کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہو گا۔