کنگسٹن(سپورٹس لنک رپورٹ) ویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کیلئے الگ الگ ٹیموں کا اعلان کر دیا۔ ڈیرن براوو کی 2 اور کیرن پولارڈ کی ایک برس بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، آل راؤنڈر آندرے رسل کو ون ڈے سکواڈ سے نظر انداز کیا گیا البتہ وہ ٹی ٹونٹی سیریز میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ کرس گیل نے دورہ بھارت اور بنگلہ دیش سے عدم دستیابی ظاہر کی تھی جس کی وجہ سے انہیں سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا البتہ وہ انگلینڈ کے خلاف شیڈول ہوم سیریز اور ورلڈ کپ سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے۔ ویسٹ انڈین ٹیم اس وقت بھارت میں موجود ہے جہاں پر وہ ٹیسٹ سیریز کھیلنے میں مصروف ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد کالی آندھی میزبان بھارت کے خلاف پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی سیریز میں تین، تین نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ فابین ایلن اور اوشین تھامس ون ڈے کے ساتھ ساتھ ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے بھی دستیاب ہوں گے جبکہ چندرپال ہمراج صرف ایک روزہ سیریز کھیلیں گے۔ اسی طرح اوبید میکوئے، خاری پائری اور شرفین رتھرفورڈ ٹی ٹونٹی سیریز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ اعلان کردہ ون ڈے سکواڈ کپتان جیسن ہولڈر، فابین ایلن، سنیل ایمبرس، دیوندرا بیشو، چندرپال ہمراج، شمرون ہٹمائر، شے ہوپ، الزاری جوزف، ایون لیوس، ایشلے نرس، کیموپال، روومان پاویل، کیمر روچ، مارلون سیموئلز اور اوشین تھامس پر مشتمل ہے جبکہ ٹی ٹونٹی سکواڈ میں کپتان کارلوس بریتھویٹ، فابین ایلن، ڈیرن براوو، شمرون ہٹمائر، ایون لیوس، اوبید میکوئے، ایشلے نرس، کیموپال، خاری پائری، کیرن پولارڈ، روومان پاویل، دنیش رامدین، آندرے رسل، شرفین رتھرفورڈ اور اوشین تھامس شامل ہیں۔