دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی )کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کے اظہر علی اور لیگ سپنر یاسر شاہ کی ترقی ہوگئی ، فاسٹ بالر محمد عباس کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ،بھارت کے پرتھوی شا،رشبھ پانٹ اور امیش یادو نے بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں عمدہ کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ترقی کی سیڑھیاں چڑھیں۔رواں سال نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے انڈر 19ورلڈکپ میں بھارت کو کامیابی دلوانے والے پرتھوی شا نے حیدر آباد ٹیسٹ میں70اور33ناٹ آؤٹ رنز کی اننگز کھیل کر13درجے ترقی کے ساتھ 60ویں پوزیشن پر ٹیسٹ سیریز کا اختتام کیا ، انہوں نے راجکوٹ ٹیسٹ میں134رنز سکور کرکے73ویں پوزیشن اپنے نام کی تھی ،وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پانٹ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی92رنز سکورکرکے23درجے ترقی کے ساتھ62ویں پوزیشن پر ٹیسٹ سیریز کا اختتام کیا ،انہوں نے راجکوٹ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی 92رنز کی اننگز کھیلی تھی ،مڈل آرڈر بلے باز اجنکیا رہانے نے 80رنز سکور کرکے22ویں سے18ویں پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے،بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے نئی رینکنگ میں2پوائنٹس کم ہوئے ہیں تاہم وہ اب بھی935پوائنٹس کے ساتھ ٹیسٹ بلے بازوں میں سر فہرست ہیں، فاسٹ بالر امیش یادو نے ملکی سرزمین پر میچ میں10وکٹیں لینے والے محض تیسرے بھارتی فاسٹ بالر کا اعزاز اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ 4درجے ترقی پاکر25ویں پوزیشن پر قبضہ جمایا ہے،پاکستان کے اظہر علی نے بھی 2درجے ترقی کے ساتھ14ویں پوزیشن اپنے نام کرلی ہے ۔ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے بلے بازوں،بالرز اور آل رانڈرز کی فہرستوں میں ترقی کی ہے ، حیدر آباد ٹیسٹ میں 56رنز دے کر5بھارتی بلے باز آٹ کرنے پر جیسن ہولڈر بالر ز کی فہرست میں4درجے ترقی کے ساتھ9ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جب کہ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ان کی نصف سنچری نے انہیں بلے بازوں کی فہرست میں56ویں سے53ویں پوزیشن پر پہنچا دیا ہے ،آل رانڈرزکی فہرست میں جیسن ہولڈر نے جنوبی افریقہ کے ورنن فلینڈر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسری پوزیشن اپنے نام کرلی ہے ،پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ بھی ایک درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ20بالرز کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں جبکہ فاسٹ بالر محمد عباس کی ایک درجہ تنزلی کے ساتھ14ویں پوزیشن پر واپسی ہوئی ہے ،حیدر آباد ٹیسٹ میں سنچری سکور کرنے والے روسٹن چیز نے بھی رینکنگ میں 41ویں سے31ویں پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے جب کہ شائی ہوپ نے 5درجے ترقی کے ساتھ35ویں پوزیشن اپنے نام کی ہے۔ٹیم رینکنگ میں بھارت کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں کلین سویپ کرنے پر ایک پوائنٹ ملا ہے اور اس کے مجموعی پوائنٹس116ہوگئے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کا ایک پوائنٹ کم ہوگیا ہے اور اب وہ 76پوائنٹس کے ساتھ8ویں نمبر پر موجود ہے ۔