لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)فاسٹ بولر محمد عامر کو خراب کارکردگی کی وجہ سے ایک بار پھر ڈراپ کیا جارہا ہے اور اس بار ان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بھی جگہ مشکل دکھائی دے رہی ہے۔آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی آوٹ آف فارم محمد عامر کا ٹیم میں جگہ بنانا ناممکن دکھائی دے رہا ہے۔ ایک اور لیفٹ آرم فاسٹ بولر وہاب ریاض کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا۔یاد رہے کہ محمد عامر پانچ سالہ پابندی ختم ہونے کے بعد سے پاکستانی ٹیم کا تینوں فارمیٹس میں مستقل حصہ رہے ہیں تاہم گزشتہ سال چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف تین وکٹوں کے شاندار اسپیل کے بعد سے ان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے اور وہ آخری دس ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں صرف 3 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے ہیں جبکہ آخری پانچ ون ڈے میچوں میں انہیں کوئی بھی وکٹ نہیں مل سکی ہے۔