سڈنی(سپورٹس لنک رپورٹ)آسڑیلوی کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹسمین جارج بیلے نے کہاہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ متحدہ عرب امارات میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریزمیں آسڑیلوی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم یہ کوئی پریشان کن بات نہیں ہے، یواے ای کی وکٹوں پر بیٹنگ کرنا اتنا آسان نہیں ہوتا، اپنے ایک ریڈیو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ سلیکٹرزکو چاہئے کہ وہ بھارت کیخلاف ہوم سیریز کیلئے ان فارم بیٹسیمینوں کو ٹیم کا حصہ بنائیں، ان کا کہنا تھا کہ دسمبرمیں بھارت کی ٹیم جب آسڑیلیا آئے گی اور چھ دسمبر سے دونوں ٹیموں کےدرمیان پہلا ٹیسٹ میچ شروع ہوگا تو سلیکٹرز کے ذہن میں یہ بات ہونی چاہئے کہ وہ ایسی ٹیم کا انتخاب کریں جس میں ان فارم بیٹسمین ہوں، ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای اور آسڑیلیا کی وکٹوں اور کنڈیشنز میں زمین آسمان کا فرق ہے لہٰذا بھارت کیخلاف سلیکٹرزکو ان باتوں کو مدنظر رکھ کر ٹیم کا انتخاب کرنا ہوگا،ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا کہ پاکستان کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کھیلنے والے آسڑیلوی ٹیم میں کسی بڑی تبدیلی کی گنجائش موجود ہے اور سلیکٹرز کو انہی کھلاڑیوں کوبھارت کیخلاف ہوم گرائونڈ پرموقع دینا چاہئے۔