ابوظہبی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستانی شاہنیوں کا کینگروز کیخلاف دبدبہ برقرار ہے اور قومی کرکٹرز نے ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز جیت کے ساتھ کرتے ہوئے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 6وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلیا کے ابتدائی دونوں کھلاڑی پہلے ہی اوور میں میدان چھوڑ گئے ،انہیں کئی ماہ بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے عماد وسیم بولڈ کیا۔مہمان ٹیم کی تیسری وکٹ گلین میکسویل کی گری ،فہیم اشرف نے انہیں 2 کے انفرادی سکور پر بولڈ کردیا۔آسٹریلیا کے بین ڈورمیٹ آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے ،وہ کھاتا کھولے بغیر ہی رن آؤٹ ہوگئے۔ایلکس کیری ایک رن بنا کر عماد وسیم کی گیند پر پوویلین لوٹے جبکہ کرس لین کو 14رنز پر فہیم اشرف نے بولڈ کیا ۔ایشٹن ایگر19رنز سکو ر کرکے حسن علی کا شکار بنے جبکہ ایڈم زامپا کو 3رنز پر شاہین آفریدی نے اپنا شکار بنایا اور پھر اینڈریو ٹائی کو بولڈ کرکے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی ۔شاداب خان نے کورٹنائل کو بولڈکیااور پوری آسٹریلیوی ٹیم محض89رنز پر پوویلین لوٹی۔پاکستان کے لیے عماد وسیم اور فہیم اشرف نے تین ،تین جبکہ شاہین آفریدی نے دو اور حسن علی اور شاداب خان نے ایک ،ایک وکٹ لی۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹی 20 میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیااورپاکستان کی جانب سے فخر زمان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 32 کے مجوعی رنز پر فخرزمان اپنی وکٹ گنوا بیٹھے اور سٹین لیک کی گیند پر 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ اور بابر اعظم کے درمیان 73 رنز کی پارٹنر شب ہوئی تاہم 105 کے مجموعی سکور پر محمد حفیظ 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔105 رنز پر دوسری وکٹ گرنے کے بعد 6 کھلاڑی صرف 28 رنز کا اضافہ کرسکے، حسین طلعت 9، آصف علی 2 اور شاداب خان ایک رنز جب کہ فہیم اشرف، کپتان سرفراز احمد اور عماد وسیم بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔نویں وکٹ کی شراکت میں بابر اعظم اور حسن علی نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور حسن علی نے ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔بابر اعظم کی 68 رنز کی اننگز کی بدولت پاکستان نے آسٹریلوی ٹیم کو 156 رنز کا ہدف دیا۔آسٹریلیا کی جانب سے سٹین لیک اور ٹائی نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔حالیہ دورے میں میزبان پاکستان نے آسٹریلیا کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر سے شکست دی جس کے بعد اب دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ٹی ٹونٹی سیریز کا دوسرا میچ 26 اکتوبر اور آخری ٹی ٹونٹی 28 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا۔یاد رہے کہ پاکستان کو ٹی ٹونٹی رینکنگ میں نمبر ایک برقرار رہنے کیلئے آسٹریلیا سے ایک میچ لازمی جیتنا تھا۔