دبئی ( عبدالرحمان رضا )ٹی 10لیگ انتظامیہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے کھلاڑیوں کو این او سی جاری کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جس کے بعد پاکستانی کھلاڑی شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں 21نومبر سے2دسمبر تک جاری رہنے والے میچز میں کھیل سکیں گے ۔ بدھ کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے ایک اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹی 10لیگ میں کھیلنے کے لئے این او سی جاری کئے جائیں گی ۔یہ فیصلہ پی سی بی کے ساتھ ہونے والی میٹنگزکے بعد کیا گیا جس میں آئی سی سی اور امارات کرکٹ بورڈ کی طرف سے حاصل ہونے والی معلومات کو مد نظر رکھا گیا جبکہ پی سی بی کے اپنے اینٹی کرپشن یونٹ کی رپورٹس کے مطابق بھی ٹی 10 لیگ کو کلیئرپایا گیا ۔ آئی سی سی کی طرف سے تمام بورڈ ممبرزکے کھلاڑیوں کو حصہ لینے کی اجازت دی گئی جس کے بعد پی سی بی نے پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل ہونے کے لئے این او سی دینے اعلان کیا ۔پی سی بی کے اس اعلان کے بعد20 پاکستانی کھلاڑی ٹی 10لیگ میں حصہ لیں گے جن میں شاہد آفریدی اور شعیب ملک لیگ کے آئیکون ہوں گے جبکہ وہاب ریاض ، سہیل تنویر ، جنید خان ، شان مسعود ، عمر اکمل ، محمد سمیع ، محمد حفیظ ، آصف علی اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں جو دنیا بھر سے آنے والے104کھلاڑیوں کے ساتھ اپنے کھیل کا مظاہرہ کریں گے لیگ آٹھ ٹیموں پر مشتمل ہے اور انہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔
ٹی 10لیگ کے چیئرمین نواب شجیع الملک نے پی سی بی کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے خوشی کی بات ہے کہ پی سی بی نے اپنے کھلاڑیوں کو ٹی 10لیگ میں کھیلنے کی اجازت دی جس میں دنیا کے کرکٹ ملکوں سے مشہور کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اور اس لیگ کی خاص بات کہ یہ 10اوورز پر مشتمل ہے جس سے شائقین کرکٹ زیادہ لطف اندوز ہوں گے اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے لئے بھی شاندارکھیل پیش کرنے کا موقع ہے جہاں وہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ اب نئے دور میں داخل ہو رہی ہے جہاں 10اوورز کے کھیل سے دنیا کرکٹ میں ایک تبدیلی آئے گی اور کرکٹ کی مقبولت میں مزید اضافہ ہو گا اور شائقین کرکٹ اس سے محظوظ ہو ں گے
ٹی 10لیگ دنیا کی پہلی 10اوورز کی منظور شدہ لیگ ہے جسے امارات کرکٹ بورڈ نے اجازت دی گئی ۔ٹی 10لیگ کے تمام میچز سونی ای ایس پی این پر بھارت ، ٹین اسپورٹس پر پاکستان ، ٹین کرکٹ پر مڈل ایسٹ اور نارتھ افریقہ میں دکھائے جائیں گے جبکہ سونی لائیوپر اس کیآن لائن لائیو سٹریمنگ کی جائے گی ۔
2018کے سیزن کا آغاز 21نومبر سے ہو گا اور 12دن میں 29میچز کھیلیں جائیں گے جبکہ 2017میں یہ ایونٹ صرف 4دن پر مشتمل تھا ۔ ٹی 10 کی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ سیزن 2کا انعقاد شاندار انداز میں کیا جائے جس کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا چکی ہے
ٹی 10لیگ کے پارٹنر اور منیجنگ ڈائریکٹر سعد اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ فیصلہ ٹی10لیگ کے لئے ایک ایسا سازگار ماحول بنانے میں معاون ثابت ہو گا جس کے بعد جنوبی ایشیا سمیت دیگر ممالک کے کھلاڑیوں کو ایک ساتھ ، ایک ٹیم میں ایک جگہ پر کھیلنے کے مواقع دئے جائیں انہوں نے مزید کہا کہ 10اوور ز کے کھیل کی مقبولیت میں آئے دن اضافہ ہو رہا ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم پوری دنیا سے کھلاڑیوں کو ٹی 10 لیگ میں اکٹھا کر رہے ہیں جو آٹھ ٹیموں کیرالہ کنگز ، پنجاب لیجنڈ ، مراٹھا عریبینز، بنگال ٹائیگرز ، دی کراچئنز ، راجپوتز ،ناردن واریئرزاور پختون شامل ہیں یہ ٹیمیں دو گروپس پر مشتمل ہیں ٹی 10لیگ کے تمام میچز شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے یاد رہے کہ ٹی10لیگ دنیا کی پہلی باقاعدہ منظور شدہ لیگ ہے جسے آئی سی سی اور امارات کرکٹ بورڈ سے منظور ی حاصل ہے ۔ 10اوورز کے تمام میچزز کا دورانیہ 90منٹ ہو گا جس میں کوالی فائنگ راؤنڈز اور سیمی فائنل کے بعد لیگ کا فائنل کھیلا جائے گا۔ ٹی 10لیگ کا پہلا ایڈیشن 2017میں 14 سے 17دسمبر تک شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد کیا گیا تھا