پونے (سپورٹس لنک رپورٹ)تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ویسٹ انڈیز نے بھارت کو 43 رنز سے شکست دے دی،ویرات کوہلی کی سنچری بھی ٹیم کے کام نہ آسکی۔ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو جیت کے لئے 284 رنز کا ہدف دیا ، جواب میں بھارتی ٹیم 240 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ویسٹ کی طرف سے شائی ہوپ 95، ایشلے نرس 40اور ہٹمائر 37 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔جسپریت بومرہ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ کلدیپ یادیو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کو صرف 9رنز پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا،لیکن شیکھر دھون اور ویرات کوہلی نے ٹیم سنبھالا، شیکھر دھون 35 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ ویرات کوہلی نے سیریز میں مسلسل تیسری سنچری اسکورکی، وہ 107 رنز بناکر آوٹ ہوئے، کوہلی کے بعد کوئی بھی بھارتی بیٹسمین لمبی اننگز نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 47 اعشاریہ 4 اوورز میں 240 رنز بناسکی ، یوں ویسٹ انڈیز نے میچ 43رنز سے اپنے نام کرلیا۔ویسٹ ا نڈیز کے سیموئلز نے تین جبکہ جیسن ہولڈر، مک کوئے اور ایشلے نرس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔پانچ میچوں کی سیریز میں دونوں ٹیموں نے ایک ، ایک میچ جیتا ہے جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا، چوتھا میچ 29 اکتوبر کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔