جدہ(سپورٹس لنک رپورٹ)ٹینس کے دو بڑے سٹارز رافیل نڈال اور نووک ڈجکووک جنہوں نے رواں سال بائیس دسمبر کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں نمائشی ٹینس میچ کھیلنا تھا نے اپنے اس فیصلے پر سعودی عرب کے صحافی جمال کے قتل کے بعد ازسر نو غور کرنا شروع کردیا ہے اس حوالے سے نووک ڈجکووک کا کہنا ہے کہ میرے منیجر میچ کے حوالے سے سعودی منتظمین کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ابھی تک کھیلنے یا نہ کھیلنے کا کوئی بھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے،سعودی صحافی جمال کے قتل کے بعد سعودی عرب میں ہونے والے دوسرے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے اب تک اپنے شیڈول کے مطابق ہوئے ہیں جن میں سرفہرست برازیل کی فٹبال ٹیم کا سعودی عرب کے ساتھ دوستانہ انٹرنیشنل میچ تھا جو سولہ اکتوبر کو کھیلا گیا تھا، سربیا کے کھلاڑی نووک ڈجکووک کا کہنا ہے کہ میں کبھی بھی سیاسی معاملات میں نہیں الجھنا چاہتا لیکن بدقسمتی سے اس بار مجھے اس معاملے میں الجھا دیا گیا ہے، اکتیس سالہ نووک کا کہنا ہے کہ اس وقت میں حتمی طور پر کچھ بھی کہنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں۔ادھر رافیل نڈال کا بھی کہنا ہے کہ وہ سارےمعاملے پرنظر رکھے ہوئے ہیں میں نے ایک سال قبل سعودی منتظمین سے معاہدہ کیا تھا کہ میں میچ کھیلوں گا اوراب اس نئی صورتحال میں میرے منیجر معاملات کو دیکھ رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ سعودی صحافی کا قتل ایک افسوسناک واقعہ ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔