کولمبو(سپورٹس لنک رپورٹ) سابق سری لنکن کپتان اور چیف سلیکٹر سنتھ جے سوریا کے بعد سابق فاسٹ باؤلر اور باؤلنگ کوچ نووان زوئسا بھی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اینٹی کرپشن یونٹ کے ریڈار میں آ گئے، ورلڈ گورننگ باڈی نے سابق کرکٹر پر میچ فکسنگ اور اینٹی کرپشن شقوں کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے ہوئے 14 روز میں جواب طلب کر لیا۔ بدھ کو آئی سی سی نے سری لنکن ٹیم کے باؤلنگ کوچ نووان زوئسا پر میچ فکسنگ اور آئی سی سی اینٹی کرپشن کی تین شقوں کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کئے ہیں اور انہیں 14 روز میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے آئی سی سی اینٹی کرپشن کی تین شقوں کی خلاف ورزی بھی کی ہے جن میں آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کو میچ فکسنگ کی پیشکش کے حوالے سے تفصیلات نہ بتانے، کھلاڑی کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیلئے اکسانا اور میچ فکسنگ کی کوشش کرنا شامل ہیں۔ زوئسا کو 30 ٹیسٹ اور 95 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔ یاد رہے کہ آئی سی سی نے اس سے قبل رواں ماہ سنتھ جے سوریا پر بھی آئی سی سی اینٹی کرپشن کی دو شقوں کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کئے تھے۔