اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام جاری قائداعظم ون ڈے کرکٹ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں حبیب بنک نے پی ٹی وی کو 7 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ علی عمران کی شاندار سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ جمعہ کو قدافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں حبیب بینک کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے، جمال انور88 اور امام الحق 85 رنز بنا کر نمایاں رہے
عمر اکمل نے 39 رنز بنائے، محمد عرفان جونئیر، تابش خان اور اظہر اللہ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں پی ٹی وی کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں آخری اوور کی چوتھی گیند پر 314 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، علی عمران نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا تاہم ان کی 102 رنز کی دلکش اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آئی، محمد وقاص اور علی خان 43، 43 رنز بنا کر دیگر نمایاں کھلاڑی رہے، حماد بٹ اور خرم شہزاد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔