لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)لندن کے ایک اخبارکی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ فٹبال ٹیم کے سابق کپتان ویان رونی اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے رواں ماہ ویمبلے سٹیڈیم میں امریکہ کیخلاف واحد دوستانہ انٹرنیشنل میچ میں انگلش ٹیم کا حصہ ہونگے، ویان رونی جو مانچسٹر یونائیٹڈ اور انگلینڈ کی جانب سے ریکارڈ یافتہ گول سکورر ہیں گزشتہ دو سال سے انٹرنیشنل فٹبال مقابلوں سے باہر ہیں،رونی ان دنوں امریکہ میں مقیم ہیں جہاں وہ واشنگٹن میں ڈی سی یونائیٹڈ کلب کی جانب سے لیگ فٹبال میں شریک ہیں۔اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انگلینڈ اور امریکہ کے درمیان پندرہ نومبر کو ہونے والے دوستانہ فٹبال انٹرنیشنل میچ میں رونی ایک بار پھر اپنی 15 نمبر کی شرٹ پہن کر ٹیم کا حصہ ہونگے،رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس میچ سے ہونے والی آمدن رونی کی جانب سے قائم کردہ امدادی ادارے کو دی جائے گی رونی کی انگلش ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے انگلینڈ فٹبال ایسوسی ایشن کے ایک عہدیدار نے بھی تصدیق کی ہے۔