لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) سیف سٹی اتھارٹی نے شوشرابے سےتنگ شہریوں کو خوشخبری سنا دی۔سڑکوں اور چوراہوں پر کرکٹ کھیلنے اور شور شرابہ کرنے والے افراد سمیت ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھی ای چالان کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیف سٹی اتھارٹی نے شہریوں کو تنگ کرنے والے منچلوں کی مانٹیرنگ اور اس حوالے سے موصول ہونے والی شکایات پر پولیس کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ چُھٹی کے روز اہم شاہراہوں پر کرکٹ کھیلنے اور شور شرابہ کر کے شہریوں کو پریشان کرنے والوں کے خلاف شکایات موصول ہونے کے بعد اب سیف سٹی اتھارٹی نے ایسے منچلوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سیف سٹی اتھارٹی نے شہر بھر میں نصب کیے جانے والے کیمروں سے شاہراہوں اور سڑکوں کی نگرانی کرنے اور شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے والوں پر نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے سڑکوں پرون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کا بھی ای چالان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پہلے مرحلے میں ٹریفک سگنل توڑنے والوں کو ای چالان بھجوانے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ تاہم اب ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھی ای چالان بھجوایا جائے گا۔ واضح رہے کہ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس نے حال ہی میں ای چالان سسٹم متعارف کروایا ہے جس کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کو ان کے گھروں میں ای چالان بھیجا جاتا ہے۔شہر میں ای چالاننگ کا منصوبہ 23 ستمبر سے شروع کیا گیا اور صرف ٹریفک سنگلز کی خلاف ورزی کرنے پر شہر کے 90 مقامات پر چالان کیے جا رہے ہیں۔