ڈھاکہ(سپورٹس لنک رپورٹ) مشفق الرحیم کی ریکارڈ ساز ڈبل سنچری کی بدولت بنگلہ دیش کی زمبابوے کے خلاف دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں گرفت مضبوط ہو گئی، میزبان بنگلہ دیشی ٹیم نے 522 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی، مشفق نے غیرمعمولی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باؤلرز کی خوب درگت بنائی اور 219 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، کائل جروس نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جواب میں زمبابوین ٹیم نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 25 رنز بنا لئے تھے اور اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 497 رنز درکار ہیں۔ پیر کو آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم نے 303 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو مشفق 111 رنز پر کھیل رہے تھے، مشفق نے کپتان محموداللہ کے ساتھ مل کر محتاط انداز سے دن کا آغاز کیا اور ٹیم کا سکور 372 تک پہنچا دیا
محموداللہ 36 رنز بنا کر جروس کی گیند کا نشانہ بنے، عارف الحق 4 رنز بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد مشفق اور مہدی حسن میراز حریف باؤلرز کے سامنے چٹان بن گئے، دونوں نے حریف باؤلرز کی خوب دھنائی کی، اسی دوران مشفق نے اپنی ڈبل سنچری اور مہدی حسن نے نصف سنچری مکمل کی، اسطرح بنگلہ دیشی قائد نے 522 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی، مشفق 219 اور مہدی حسن میراز 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جروس نے 5 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، ٹنڈئی چتارا اور ٹریپانو نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں زمبابوین ٹیم نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر 25 رنز بنا لئے تھے اور اسے بنگال ٹائیگرز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 497 رنز کی ضرورت ہے، کپتان ہملٹن مسکڈزا 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، برائن چاری 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، تیجل اسلام نے ایک وکٹ لی۔