لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ8سال بعد صوبہ بھر میں سپورٹس کیلنڈر کا آغاز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز سے 22 نومبر2018کو کررہے ہیں، ایونٹس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوںکو تربیتی کیمپ میں ماہر کوچز تربیت دیں گے تاکہ ان کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جاسکے، انٹر سکول و انٹر کالجز گیمز میں مکمل تعاون کریں گے، ان گیمز سے گراس روٹ لیول سے نئے کھلاڑ ی سامنے آئیں گے ، سپورٹس کے فروغ کے لئے سپورٹس ایسوسی ایشنز سے مل کر کام کریں گے، سپورٹس گرائونڈز اور کمپلیکس صرف سپورٹس کی سرگرمیوں کے لئے ہی استعمال ہونگے ان میں کسی قسم کی کوئی اور سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے کہا کہ انٹر سکول و انٹر کالج گیمز میں تعاون پر ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کے مشکور ہیں، انٹر سکول و انٹر کالجز گیمزمیں پنجاب کے سکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد شرکت کررہی ہے، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود نے کہا کہ انٹر سکول و کالج کا انعقاد خوش آئند ہے جس سے سپورٹس کو فروغ ملے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری خالد محمود، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل ادریس حیدر خواجہ، ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی بھی موجود تھے، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہاکہ سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے مطابق تحصیل،ضلع اور ڈویژن کی سطح پر کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، فیز ون میں بوائز کے مقابلے 22 نومبر سے شروع ہوکر 14 دسمبر تک ہوں گے جبکہ گرلز کے مقابلے 22 نومبر کو شروع ہونگے اور 12دسمبر کو ختم ہوں گے، فیز 2 میں بوائز کے مقابلے23دسمبر کو شروع ہوں گے اور 9فروری تک جاری رہیں گے جبکہ گرلز کے 23دسمبر سے 6 فروری تک ہوں گے، فیز 3 میں بوائز کے مقابلے 2اپریل سے 16مئی تک ہونگے جبکہ گرلز کے 2 اپریل سے 12 مئی تک ہوں گے۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید بتایا کہ ان مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کھلاڑیوں کی پہلی بار فہرستیں بنائی جائیں گی اور ان کے کھیل کو مزید بہتر بنایاجائے گا، ان باصلاحیت کھلاڑیوں کے لئے ماہر کوچز کی زیرنگرانی تربیتی کیمپ لگائے جائیں گے اور ان کو قومی و بین الاقوامی سطح پر ہونے والے مقابلوں کے لئے تیار کیا جائے گا، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ سپورٹس اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک نچلی سطح سے باصلاحیت کھلاڑی تلاش کرکے آگے نہیں لائے جاتے، سپورٹس بورڈ پنجاب انڈر16 باصلاحیت کھلاڑی تلاش کرے گا اور پھر ان کو تیار کیا جائے گا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں سپورٹس گرائونڈز اور کمپلیکس میں صرف اور صرف سپورٹس کی ہی سرگرمیاں ہوں گی، ان کو کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں کیا جائے گا، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ سپورٹس تنظیموں کے تعاون کے بغیر سپورٹس کو فروغ نہیں دیا جاسکتا، سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس تنظیموں سے مل کر کام کریگا، دسمبر میں ہونیوالی انٹر سکول و انٹر کالجز گیمز کے لئے بھی تعاون کررہے ہیں تاکہ سکولوں اور کالجوں سے نئے کھلاڑیوں کی کھیپ ابھر کر سامنے آئے۔
پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سکرٹری جنرل ادریس حیدر خواجہ نے ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے حوصلہ افزائی ہوئی ہے، انٹر سکول و انٹر کالجز گیمز 3 سے7 دسمبر تک ہوں گی،افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی ہوں گے، سپورٹس بورڈ پنجاب کی سرپرستی سے سپورٹس کو مزید فروغ ملے گا، انٹر سکول و کالجز گیمز میں پنجاب بھر سے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد حصہ لے گی، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی کاوشوں سے سپورٹس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے جو خوش آئند ہے، انٹر سکول و انٹر کالجزگیمز کے لئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا تعاون بھی حاصل ہو گااور مالی تعاون بھی کریں گے۔