ابوظہبی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی باؤلرز نے کیویز بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا،نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 153رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔کیوی کپتان کین ولیم سن 63رنز بنا کر کامیاب بلے باز رہے۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3، محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں2وکٹوں کے نقصان پر59رنز بنا لئے ہیں اور پاکستان کو کیویز کی پہلی اننگز کی بتری ختم کرنے کیلئے مزید 94رنز درکار ہیں اور اسکی8وکٹیں ابھی باقی ہیں،اوپنر محمد حفیظ20اور امام الحق6رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ حارث سہیل22اور اظہر علی10رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔جمعہ کو ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ پاکستانی بولرز نے غلط ثابت کر دیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیت راول اور ٹام لاٹہم نے کیا تاہم اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 35رنز کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے، کچھ ہی دیر بعد راس ٹیلر بھی 2 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے نصف سنچری مکمل کی اور 63رنز بنائے تاہم کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کا مڈل آرڈر زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکااورپوری ٹیم صرف153رنز بناکرپویلین لوٹ گئی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے جیت راول7، ٹام لاٹہم13،روس ٹیلر2،نیک کولس28،واٹلنگ10،گرینڈ ہوم صفر،ٹم سوتھی4،ویگنر12،اعجاز پٹیل6 اور ٹرینٹ بولٹ4رنز بنا سکے۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جب کہ محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ بلال آصف 13اوورز میں 33رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز 153رنز کے جواب میں پاکستانی اننگز کا آغاز نوجوان اوپر امام الحق اور محمد حفیظ نے کیا تاہم ایک بار پھر پاکستانی اوپننگ ناکام ہو گئی، اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 27رنز کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے، نوجوان اوپنر امام الحق 6رنز بنا کر 27کے مجموعی سکور پر گرینڈ ہوم کی گیند پر کیوی کپتان ولیم سن کو کیچ دے بیٹھے جسکے بعد اگلے ہی اوور میں محمد حفیظ20رنز بنا کرٹرینٹ بولٹ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں2وکٹوں کے نقصان پر59رنز بنا لئے ہیں اور پاکستان کو کیویز کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 94رنز درکار ہیں اور اسکی8وکٹیں ابھی باقی ہیں جبکہ حارث سہیل22اور اظہر علی10رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔