پرویڈنس(سپورٹس لنک رپورٹ) ویمنز ورلڈ ٹی 20 میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 54 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔تفصیلات کے مطابق پرویڈنس میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمنز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، لیکن کیویز بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔نیوزی لینڈر کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں چھ وکٹ پر ایک سو چوالیس رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے ثناء میر اور عالیہ ریاض نے دو دو کھلاڑیوں کو شکار کیا۔جواب میں پاکستان نے جارحانہ آغاز کیا لیکن وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، سوائے جویریہ خان چھتیس رنز کے کوئی بھی بلے باز وکٹ پر نہ رک سکی اور پوری ٹیم نوے رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ایمیلا کیر اور جیس وٹکین نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، جیس وٹکین میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔خیال رہے کہ دو روز قبل ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 38 رنز سے شکست دی تھی۔آئرلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 101 رنز بناسکی تھی۔واضح رہے کہ اس میگا ایونٹ میں پاکستان کو بھارت اور آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ قومی ٹیم نے آئرلینڈ کے خلاف ایک ہی کامیابی اپنے نام کی ہے۔