اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن آئندہ برس 14 فروری کو شروع ہوگا، ایونٹ کے 8 میچز پاکستان اور باقی یو اے ای میں کھیلے جائیں گے۔اگلے برس 14 فروری سے شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ کا ڈرافت 20 نومبر کو اسلام آباد میں ہو گا جس کےلئے ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت 663 کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ڈرافٹ میں پلاٹینم ، ڈائمنڈ ، گولڈ ، سلور اور ایمرجنگ کی کٹگریز شامل ہیں۔ پلاٹینم کیٹگری میں ابراہام ڈی ویلیئرز، سٹیو سمتھ،کیرون پولارڈ، کرس لائن، سنیل نارائن ، لیوک رونچی، تھیسارا پریرا، کورے اینڈرسن، شین واٹسن اور ڈووین براوو جیسے نامور کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے۔آئندہ سیزن کے ڈرافٹ میں تمام فرنچائزز کے پاس یہ اختیار ہو گا کہ وہ گزشتہ سیزن کے دس کھلاڑیوں کو اپنے سکواڈ میں برقرار رکھ سکتے ہیں۔ کھلاڑیوں کے لئے ریٹینشن ونڈو کی آخری تاریخ 13 نومبر ہو گی۔ واضح رہے کہ آئندہ سیزن کیلئے چند کھلاڑیوں کی مختلف ٹیموں میں ٹریڈ ہو چکی ہے جس میں ویسٹ انڈیز کے سپنر سنیل نارائن اور پاکستانی بیٹسمین عمر اکمل شامل ہیں جو لاہور قلندرز سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں جاچکے ہیں، یہ ٹریڈ ونڈو آج بند ہو جائےگی۔ ہر سکواڈ میں سولہ کھلاڑی رکھے جا سکتے ہیں جس میں3 ،3کھلاڑی پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ اور5سلور جبکہ دو ایمرجنگ پلیئرز شامل ہیں۔