پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ ) خیبرپختونخوا کے مرد وخواتین کھلاڑیوں کے اعزاز میں سالانہ ایوارڈ تقریب 23 نومبر کو قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقد ہوگی جس میں سال 2017-18 کے دوران خیبرپختونخوا لئے قومی وبین الاقوامی سطح پر ملک و صوبے کا نام روشن کرنے والے میڈلزجیتنے والے کھلاڑیوں کو ایوارڈز سے نوازا جائیگا ، ایوارڈ کے آرگنائزنگ سیکرٹری عاصم شیراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایوارڈ تقریب خیبرسٹار سپورٹس میگزین ، سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن اور ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے باہمی اشتراک سے منعقد کیاجارہا ہے جس کا مقصد نہ صر ف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہے بلکہ تمام چیمپئنز کو ایک ساتھ ایک پلیٹ فارم پر اکٹھاکرنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایوارڈ تقریب کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں تقریب 23 نومبر بروز جمعہ سہ پہر چار بجے ارینا ہال قیوم سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی ڈائریکٹرجنرل سپورٹس جنید خان ہونگے ، ان کے ہمراہ اے آئی پی ایس ایشیاء کے سیکرٹری جنرل امجد عزیز ملک ، سابق صوبائی وزیر کھیل سیدعاقل شاہ ، مختلف کھیلوں کی تنظیموں کے سربراہان ، سیاسی وسماجی شخصیات سمیت دیگر اہم شخصیات موجود ہونگے ، انہوں نے کہا کہ ایوارڈ ،کرکٹ ، ہاکی ، سکواش، بیڈمنٹن ، کراٹے ، تائیکوانڈو، سائیکلنگ ، لان ٹینس، ٹیبل ٹینس ، جوجتسو، والی بال ، سنوکر، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ سمیت مختلف گیمز کے مرد وخواتین میڈلز ونر کھلاڑیوں کو دیئے جائینگے ، انہوں نے کہا کہ ایوارڈ تقریب کیلئے سینئر سپورٹس جرنلسٹس اعجاز احمد کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی بنائی گئی جن کے دیگر ممبران میں ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس حاجی عزیز اﷲ خان ، صدر سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن جہانزیب صدیق ، شہاب الدین ، عظمت اﷲ،محمد نعیم اور غنی الرحمان شامل ہیں ۔کمیٹی نے تمام متعلقہ سپورٹس ایسوسی ایشن کو لیٹر لکھے جنہوں میرٹ پر ایسوسی ایشن کی طرف سے کمیٹی کو نام فراہم کئے جن کو کمیٹی نے باقاعدہ طورپر تصدیق کے بعد فائنل لسٹ ترتیب دی ، ایوارڈ تقریب کو کامیاب بنانے کیلئے انہوں نے کھیلوں کی تمام تنظیموں اور متعلقہ کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تقریب میں اپنی شرکت یقینی بنائے ۔