لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب کا سالانہ سپورٹس کیلنڈر2018، 22نومبر سے شروع ہورہا ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی ہدایت پر تمام ضلعی سپورٹس افسران نے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، صوبہ بھر میں تحصیل کی سطح کے مقابلے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوں گے، 22 اور 23نومبر کو لڑکے اور لڑکیوں کے اتھلیٹکس کے مقابلے ہوں گے، منگل کے روز اپنے بیان میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرورنے کہا کہ 8سال بعد سپورٹس کیلنڈر کا آغاز کیا گیا جو کہ پنجاب حکومت کا سپورٹس کے فروغ کے لئے اہم اقدام ہے،نچلی سطح سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو تلاش کرنے کے لئے سپورٹس کیلنڈر کا آغاز تحصیل کی سطح سے کیا جارہا ہے، جس کے بعد ضلعی اورڈویژن سطح پر مقابلے ہوں گے آخر میں پنجاب کی سطح پر کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے ، ان مقابلوں سے نئے کھلاڑیوں کی کھیپ سامنے آئے گی، کامیاب کھلاڑیوں کے کھیل کو مزید بہتربنانے کے لئے تربیتی کیمپ لگائے جائیں گے جن میں ماہر کوچز اور ٹرینرز کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے ، ان کھلاڑیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے لئے تیار کیا جائے گا،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرورنے مزید کہا کہ فیز ون کے مقابلے 14دسمبر تک جاری رہیں گے جس کے بعد فیز ٹو کا آغاز ہو گا، سپورٹس کیلنڈر کو کامیاب بنانے کے لئے میرٹ پر سختی سے عمل کیا جائے گا ، اگلے مرحلے کے لئے کھلاڑی میرٹ پر منتخب کئے جائیں گے، سفارش کلچر کو دفن کردیا گیا ہے،کھلاڑی صرف اپنی صلاحیت کے بل بوتے ہی آگے بڑھ سکیں گے تاکہ حق داروں کو ان کا حق مل سکے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ سپورٹس کیلنڈر کے کامیاب انعقاد سے سپورٹس کا کلچر فروغ پائے گا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔