فیصل آباد( سید علی عباس) پیسہ،پیسہ کرتی پی ایچ ایف کو پیسہ ملنے پر ٹیم کو رخصت کرنے صدراور سیکرٹری نہ پہنچے،غیرسنجیدہ اورافسوسناک امر ہے، ایک ارب روپے کے لگ بھگ گرانٹس وصول کرنے والوں نےٹیم کو ٹریک سوٹوں میں انڈیا بھیج دیا، اولمپین راؤ سلیم ناظمپاکستان ہاکی کے مایہ ناز کھلاڑی اور سابق اولمپین راؤ سلیم ناظم نے کہا ہے کہ موجودہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ارباب اختیار نے ایک ارب روپے کے لگ بھگ رقوم کی وصولی کے باوجود اپنی روش نہیں بدلی، پلاننگ اور مینجمنٹ کے فقدان کی شکار موجودہ ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران نے گرانٹ کے حصول کے لئے آسمان سر پر اٹھا رکھا تھا. لیکن سندھ حکومت کی جانب سے 10 کروڑ روپے اور ہائر الیکٹرونکس کی جانب سے ایک کروڑ روپے کے قریب رقوم کی وصولی کے باوجود پاکستان ہاکی ٹیم کو سپورٹس ٹریک سوٹس میں روائتی حریف ملک انڈیا بھجوادیا گیا.سابق ہاکی لیجنڈ اولمپین راؤسلیم ناظم نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان ہاکی ٹیم کا نام عزت اور مرتبے میں گردانا جاتا ہے اس کے ساتھ ساتھ پاکستان ہاکی کی تاریخ میں پہلی بار قومی ہاکی ٹیم کو گرین کوٹ کی بجائے ٹریک سوٹس میں ڈسٹرکٹ ٹیم کی طرح رخصت کیا گیا. انہوں نے کہا کہ ٹریفک سگنل پر کھڑی بھکارن بھی بچہ دکھا کر پیسہ مانگتی ہے لیکن پی ایچ ایف نے بھی غربت کا رونا رو کر اور کھلاڑی دکھا کر پیسہ مانگنے کے باوجود ٹیم کو بہتر انداز میں رخصت نہیں کیا، پلاننگ اور مینجمنٹ کے فقدان کی شکار ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری شہباز سینئر بھی رقم ملنے کے بعد ورلڈ کپ جیسے میگا ایونٹ میں شرکت کے لئے جانے والی ٹیم کو رخصت کرنے نہیں آئے جو کہ ایک غیر سنجیدہ اور افسوس ناک امر ہے.سابق اولمپین راؤ سلیم ناظم نے کہا کہ یہ ہاکی فیڈریشن کا کام تھا کہ کم از کم لاہور میں مقیم سابق ہاکی لیجنڈز اور ہاکی فیملی کے لوگوں کو ٹیم کی روانگی کے موقع پر دعوت دیتی ،انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ سپورٹس بورڈ کے ملازم کے سوا ٹیم کو رخصت کرنے کوئی بھی نہٰیں پہنچا بالائے ستم کہ صدر اور سیکرٹری فیڈریشن بھی اس اہم موقع پر موجود نہیں تھے. انہوں نے کہا کہ ٹیم کی روانگی کے وقت میں نے مینجر حسن سردار کو ٹیم کی کامیابی سے متعلق نیک خواہشات پر مبنی پیغام بھی دیا جس پر انکا شکریہ سے بھراجوابی پیغام بھی موصول ہوا.راؤ سلیم ناظم نے کہا کہ پاکستان قوم کی تمام تردعائیں قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ ہیں اورکھلاڑی ورلڈ کپ جیت کر پاکستان لائیں تاکہ ایک بار پھر سے پاکستان کا نام اقوام عالم میں فخر سے بلند ہوسکے