دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)یاسر شاہ نیوزی لینڈ کے خلاف ایک اننگز میں 8 وکٹ لے کر عبدالقادر ،سرفراز نواز،عمران خان، سکندر بخت اور ثقلین مشتاق کے ساتھ فہرست کا حصہ بن گئے ہیں۔لیگ اسپنر نے دبئی ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ کے ایک اننگز میں 41 رنز کے عوض 8 کھلاڑی آؤٹ کئے،انہوں نے سابق کپتان اور موجود وزیراعظم عمران خان کو بھی بولنگ ریکارڈز میں پیچھے چھوڑ دیا۔پاکستان کی طرف سے اننگز میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ عبدالقادر کے پاس ہے،انہوں نے 1987 میں لاہور میں انگلینڈ کے خلاف 56 رنز کے عوض 9 وکٹیں حاصل کی تھیں۔سرفراز نواز نے 1979ء میں آسٹریلیا کے خلاف ملبورن ٹیسٹ کی ایک اننگز میں 9 وکٹیں تو لیں مگر انہوں نے 86 رنز دیے۔یاسر شاہ پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں بہترین بولنگ میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں،انہوں نے 12 اعشاریہ 3 اوورز میں 41 رنز دے کر 8 وکٹ اپنے نام کیں۔یاسر شاہ عمران خان سے آگے تو نکل گئے ہیں لیکن ایک منفرد ریکارڈ اب بھی سابق کپتان کے پاس ہے،وہ واحد پاکستانی بولر ہیں جنہوں نے ایک ہی سال میں 2 مرتبہ 8،8 وکٹیں اپنے نام کیں۔عمران خان نے 1982ء میں سری لنکا کے خلاف لاہور میں 58 رنز کے دے کر 8 اور بھارت کے خلاف کراچی میں 60 رنز کے عوض 8 وکٹیں لی تھیں۔سکندر بخت نے 1979 میں بھارت کے خلاف دہلی ٹیسٹ میں 79 رنز دے کر 8 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستانی آف اسپنر ثقلین مشتاق نے 2000ء میں انگلینڈ کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں 164 رنز کے عوض 8 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔یاسر شاہ نے کیویز کے خلاف جہاں اپنے کیرئیر کی شاندار بولنگ کی وہیں وہ ایک اننگز میں کم ترین رنز دے کر زیادہ وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بولر بن گئے۔لیگ اسپنر یاسر شاہ مجموعی طور پر 31 ٹیسٹ میچز میں 181 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، ان کی بہترین کارکردگی میں 2 ٹیسٹ میچز میں 10،10 وکٹیں، 15 مرتبہ 5،5 وکٹیں اور 9 مرتبہ 4،4 وکٹیں لینا شامل ہے۔