12 ویں نیشنل ویمنز کراٹے چیمپئن شپ 30 نومبر سے شروع ہوگی


اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کراٹے فیڈریشن کے زیراہتمام 12 ویں قومی ویمنز کراٹے چیمپئن شپ 30 نومبر سے ساہیوال میں شروع ہو گی جس میں پاکستان واپڈا اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ پاکستان کراٹے فیڈریشن کی سیکرٹری جنرل عندلیب سندھو نے کہا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے نو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان واپڈا، پاکستان آرمی، پاکستان ریلوے، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کی ٹیمیں شامل ہیں۔چیمپئن شپ انفرادی کاتا، ٹیم کاتا، انفرادی کمیتے، ٹیم کمیتے، 45 کلوگرام، 50 کلوگرام،55 کلوگرام،61 کلوگرام، 68 کلوگرام اور پلس 68 کلوگرام کے مقابلے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ شرکت کرنے والی ٹیموں کے مینجرز میٹنگ 29 نومبر کو ہوگی جس میں چیمپئن شپ کے قوانین اور ڈراز کا اعلان کیا جائیگا۔چیمپئن شپ 2 دسمبر تک جاری رہے گی اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔انہوں نے چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے تربیتی کیمپ اپنے اپنے علاقوں میں جاری ہیں اور کھلاڑی بھرپور محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں کو 13ویں سائوتھ ایشین گیمز کے تربیتی کیمپ میں مدعو کیا جائیگا۔ 13 ویں سائوتھ ایشین گیمز آئندہ برس مارچ میں نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں کھیلے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے بڑے فخر کی بات ہے کہ کراٹے کی کھلاڑی نرگس نے ایشین گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔

تعارف: newseditor