کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) دواب سی سی نے منصورہ کولٹس کو 176رنز کے واضح فرق اور الرحمن سی سی نے راشد سی سی کو ایک وکٹ سے شکست دے کر محمد ثاقب میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلہ میں اپنی نشست کو محفوظ بنالیا۔دواب سی سی کے مہتاب خان کو عمدہ بیٹنگ اور الرحمن سی سی کے فضل خان کو شاندار بولنگ پر لاروش سی سی کے کپتان سعید علی نے مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔آج (منگل) ذیڈ اے اسپورٹس اور ٹی ایم سی جبکہ گلشن معمار کا سامنا بندھانی اسپورٹس سے ہوگا۔پاک فلیگ سی سی ، کے سی سی اے زونIIکے زیر اہتمام جاری ایونٹ میں منصورہ گراؤنڈپر دواب سی سی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 35اوورز میں 5وکٹوں پر 241رنز کا مجموعہ حاصل کیا۔ْ ابتدائی تینوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ثناء اﷲ نے 65، مہتاب خان نے 56اور کامل خان نے 50رنز کی باری کھیلی۔انس اقبال نے 36رنز پر 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔منصورہ کولٹس کی جوابی اننگز 65رنز پر 19.1اوورز میں اختتام پذیر ہوگئی۔ محسن علی نے 17رنز ناٹ آؤٹ اور خضر مسعود نے 13رنز اسکور کئے۔ مہتاب خان نے 8رنز پر 4کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا ۔ احتشام حیدر اور طاہر اقبال ایمپائرز تھے۔ پاک فلیگ کرکٹ گراؤنڈ پر راشد سی سی نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور 9وکٹو ں پر 30اوورز میں 147رنز اسکور کئے۔ حزیم احمد نے 38رنز اور ہاشم زاہد نے 27رنز میں 2,2چوکے اور ایک ایک چھکا لگایا۔عون محمد نے 21اور وامق شعیب نے 12رنز بنائے۔ فضل خان نے 36رنز پر 5وکٹیں اپنے نام کیں۔ذیشان شاہ نے 36رنز پر 3کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔الرحمن سی سی نے جوابی اننگز میں 29.3اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ جب 9وکٹوں پر 148رنز حاصل کرلئے گئے۔ عمیر اکمل نے2چوکوں کی مدد سے 32رنز بنا کر فتح کو آسان بنایا۔زاہد خان نے 18رنز میں ایک چوکا ، فضل خان نے 17رنز اسکور کئے۔ ولید حسن نے 22رنز پر 3کھلاڑیوں کو میدان سے رخصت کیا جبکہ عون محمد اور شمیم خان نے 2,2وکٹیں اپنے نام کیں۔ایمپائرز محمد یونس اور زاہد اقبال اور آفیشل اسکورر خیام مصطفی تھے۔