بچوں کو گرائونڈز میں لانا اہم ہدف ،اگلے سال پنجاب گیمز بھی کروائیں گے، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے جدیددور میں بچے کمروں تک محدود ہوگئے ہیں، بچوں کو گرائونڈز میں لانا اہم ہدف ہے،8 سال بعد سپورٹس کیلنڈر بحال کیا، 8 سال بعد اگلے برس پنجاب گیمز بھی کروائیں گے، یکم جنوری سے مختلف شہروں میں 7بڑی گیمز کے کیمپ لگائے جائیں گے، سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کرنے سے سپورٹس کی اہمیت اجاگر ہورہی ہے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد سپورٹس کی طرف آرہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پنجاب سٹیڈیم میں یونیک گروپ آف سکولز کے سپورٹس گالا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پنجاب سٹیڈیم آمد پر مہمان خصوصی ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کا پرتپاک استقبال کیا گیا

اس موقع پر یونیک گروپ آف سکولز کی انتظامیہ، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، شاہد فقیر ورک و دیگر بھی موجود تھے، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے بہت سے پروگرام شروع کررہا ہے، سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت صوبہ بھر میں انٹر تحصیل کی سطح پر لڑکے اور لڑکیوں کے کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں، جس کے بعد ضلع کی سطح پر مقابلے ہوں گے، یکم جنوری سے مختلف شہروں میں 7 بڑی گیمزکے کیمپ لگائے جائیں گے

ان کیمپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی سپورٹس ایسوسی ایشنز کو دیں گے جو ان کو ریجن اور نیشنل سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کریں گی، سپورٹس ایونٹس کے انعقاد سے نئے کھلاڑیوں کی کھیپ سامنے آئے گی اور ان میں سے ہی سٹارز بنیں گے، نجی شعبہ میں سپورٹس کے فروغ کے لئے کام کرنیوالوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں

حکومت اور نجی شعبہ کو مل کر سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لئے کام کرنا ہوگا۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مختلف کھیلوں کے مقابلے دیکھے اور کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔

تعارف: newseditor