کنگسٹن(سپورٹس لنک رپورٹ) ویسٹ انڈین آف اسپنر شین شلنگفورڈ پر غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کے باعث ڈومیسٹک کرکٹ میں باؤلنگ کرانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔کرکٹ ویسٹ انڈیز نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ کے دوران شلنگفورڈ کی تمام گیندیں غیر قانونی پائی گئیں جس کی وجہ سے انہیں فوری طور پر ڈومیسٹک کرکٹ میں باؤلنگ کرانے کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز ڈومیسٹک چار روزہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچ کے دوران امپائرز نے آف اسپنر کے ایکشن کو رپورٹ کیا تھا۔کرکٹ ویسٹ انڈیز حکام کے مطابق ایکشن کی درستگی تک شلنگفورڈ پر ڈومیسٹک کرکٹ میں باؤلنگ کرانے پر پابندی ہو گی جبکہ وہ اسی سبب ایکشن درست کرانے تک ویسٹ انڈین ٹیم کے لیے بھی منتخب نہیں ہو سکیں گے۔واضح رہے کہ یہ تیسرا موقع ہے کہ شلنگفورڈ کے ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہو۔2014 کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور اس کے رکن ممالک کی جانب سے غیرقانونی ایکشن کے حامل باؤلرز کے خلاف کارروائی میں اضافہ ہوا ہے اور کئی کھلاڑیوں کو پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔گزشتہ ساڑھے چار سال کے دوران پاکستان کے سعید اجمل، محمد حفیظ، ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن اور مارلن سیمیولز سمیت متعدد انٹرنیشنل کرکٹرز کو غیرقانونی ایکشن کے سبب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے معطل کیا جا چکا ہے اور ان تمام کھلاڑیوں نے اپنے ایکشن درست کرنے کے بعد عالمی کرکٹ میں دوبارہ قدم رکھا۔