پہلی جے کے اے بین الصوبائی کراٹے چیمپئن شپ اختتام پذیر

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سپورٹس زندگی کا لازمی جزو کی حیثیت رکھتا ہے، نوجوانوں کو سپورٹس کی جانب لانا ہمارا مشن ہے جس کے لئے اقدامات کررہے ہیں،کراٹے کا کھیل نوجوانوں کو سیکھنا چاہئے، سپورٹس بورڈ پنجاب ہر کھیل کو ترقی دینے کے لئے سہولتیں فراہم کررہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں پہلی جے کے اے بین الصوبائی کراٹے چیمپئن شپ لاہور 2019کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا

مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کا جمنیزیم ہال آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، بچیوں نے ان کو گلدستہ پیش کیا ، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصر، چیف کنسلٹنٹ شاہد فقیر ورک اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تنویر شاہ بھی موجود تھے

اختتامی تقریب میں کھلاڑیوں کے مقابلے بھی ہوئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ جدید سائنسی دور میں نوجوانوں کے لئے بہت سی سہولتیں میسر ہیں اور وہ انڈور ہی ان سے لطف اندوز ہوتے رہتے ہیں

نوجوانوں کو گرائونڈ میں لانا ہمارا مشن ہے جس کے لئے اہم اقدامات کررہے ہیں، نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید اور بہترین سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں تاکہ ان کی سپورٹس میں دلچسپی بڑھے، کراٹے کا بہترین ایونٹ منعقد کرانے پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتاہوں، کراٹے کا کھیل لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں میں بھی مقبول ہے ، کراٹے کے فروغ کے لئے ہر طرح سے تعاون کرتے رہیں گے۔تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

تعارف: newseditor