ماؤنٹ مانگنوئی (سپورٹس لنک رپورٹ) نیوزی لینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ (کل ) ہفتہ کو مائونٹ مانگنوئی کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ بھارت کو پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ بھارت نے میزبان ٹیم کو پہلے ون ڈے میچ میں 8 وکٹون سے شکست دی تھی۔دونوں ٹیمیں سیریز جیتنے کیلئے پر جوش ہیں اس لئے کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔میزبان کیویز نے حال ہی میں سری لنکا جبکہ بھارت نے آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی۔ دونوں ٹیمیں فارم میں ہیں تاہم کیویز کو ہوم گرائونڈز اور کرائوڈ کا ایڈوانٹیج حاصل ہو گا، اس لئے بھارت کیلئے نیوزی لینڈ خطرناک حریف ثابت ہو گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ 28 جنوری، چوتھا میچ 31 جنوری جبکہ پانچواں اور آخری میچ 3 فروری کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 6 فروری، دوسرا میچ 8 فروری جبکہ تیسرا اور آخری میچ 10 فروری کو کھیلا جائے گا۔