پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ)پشاوریوتھ نے شمس یونائیٹڈ کو دو ایک سے شکست دیکر تبدیلی کپ فٹبال لیگ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، گزشتہ روز پشاور کے طہماس فٹبال سٹیڈیم پر ہونیوالے آخر کوارٹر فائنل کے موقع صوبائی وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ ‘رکن صوبائی اسمبلی فہیم خان مہمانان خصوصی تھے‘ ان کے ہمراہ صوبائی فٹبال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل راجہ عبدالباسط کمال چیف آرگنائزر شاہد خان شینواری ،ولی خان سمیت دیگر شخصیات اورہزاروں کی تعداد میں تماشائی موجود تھیں‘تبدیلی فٹبال لیگ کے آخری کواٹر فائنل پشاور یوتھ اور شمس یونائیٹڈ کے مابین کھیلاگیا جس میں پشاور یوتھ نے ایک کے مقابلے دو گول سے کامیابی حاصل کی ، پشاور یوتھ کی طرف سے طارق اورصدام نے گول کئے جبکہ شمس یونائیٹڈ کی طرف سے فرہان نے واحد گول کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ نے کہا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ فٹبال گراؤنڈ کو آباد دیکھا جہاں پر ہزاروں کی تعداد میں تماشائی موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ وترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے جس کی وجہ سے آج ہمارے گراؤنڈز آباد اور ہسپتال ویران ہیں جو کہ تبدیلی کی اہم نشانی ہے انشاء اﷲفٹبال کے فوراً بعد ہم کرکٹ لیگ بھی شروع کررہے ہیں جس میں قومی ٹیم کے سٹارز ایکشن میں نظر آئیں گے، صوبائی حکومت کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ سپورٹس کی سرگرمیاں مختلف ڈسٹرکٹس میں منعقد کرائیں ،اس سلسلے میں محکمہ کھیل خیبر پختونخوا فروری کے مہینے گراس روٹ لیول پر مختلف کھیلوں میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کررہا ہے جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئیگا۔انہوں نے کہا کہ چیف آرگنائزر شاہد خان شینواری کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی وہ آئندہ بھی اس قسم کی سپورٹس سرگرمیوں جاری رکھیں تاکہ ہمارے نوجوان صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب ہو۔آج پہلا سیمی فائنل جنگل خیل کلب کوہاٹ پی اے نارتھ وزیرستان ٹیموں کے مابین کھیلا جائیگا۔