پی ایس ایل فور،ملتان سلطانز کی ٹیم نے ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل بڑی تبدیلی کرلی

دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز نے لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے قیس احمد کی جگہ آسٹریلیا کے کرس گرین کو اسکواڈ کا حصہ بنا لیا۔ملتان سلطانز نے گزشتہ سال منعقدہ ڈرافٹ کے دوران افغان لیگ اسپنر قیس احمد کو اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا لیکن کچھ وجوہات کے سبب وہ لیگ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ملتان سلطانز نے قیس کی عدم دستیابی کو دیکھتے ہوئے ان کے متبادل کا اعلان کردیا ہے اور جنوبی افریقی نژاد آسٹریلین کرکٹر کرس گرین کو اسکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔پی ایس ایل کی سلور کیٹیگری میں شامل کرس گرین 52 ٹی20 میچوں میں 374 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 40 وکٹیں لینے کا بھی اعزاز رکھتے ہیں۔وہ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کر رہے تھے لیکن تھنڈرز کے لیگ سے جلد اخراج کی بدولت اب وہ ملتان سلطانز کو پورے ایڈیشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔کرس گرین اس سے قبل لاہور قلندرز کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری سے متحدہ عرب امارات میں ہو گا۔

تعارف: newseditor