انگلینڈ کیخلاف پہلا معرکہ، مصباح الحق تیاریوں سے مطمئن

مانچسٹر(سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ڈبل سپن اٹیک آزمانے پر غور شروع کردیا،ان کا کہنا ہے کہ مانچسٹر میں پہلے معرکے سے قبل تمام تر تیاریاں اطمینان بخش طور پر مکمل کرلی گئی ہیں،دو روز تک موسم اور وکٹ کا جائزہ لے کر دو سپنرز کھلانے کا فیصلہ کریں گے، جیت کیلئے طے شدہ منصوبے پر عمل کرنے کی کوشش کی جائے گی،کورونا وائرس کے باعث تین ماہ تک کھیل سے دوری کے بعد صفر سے آغاز کرنا پڑا ۔تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق 5 اگست سے مانچسٹر میں شروع ہونے والے انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کی تیاریوں سے پوری طرح مطمئن ہیں جن کا ویڈیو لنک پر پاکستانی میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوران ٹیم انتظامیہ دو سپن باؤلرز کو کھلانے کے امکان پر غور کر رہی ہے کیونکہ ابتدائی طور پر اعلان کردہ20رکنی سکواڈ میں 3سپن باؤلرز یاسر شاہ،شاداب خان اور کاشف بھٹی شامل ہیں ۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ وہ ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل دو دن تک موسم اور وکٹ کا جائزہ لیتے رہیں گے اور اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ دو سپنرز کھلائے جا سکتے ہیں یا نہیں ۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ فی الوقت موسمی حالات اور وکٹ پاکستانی ٹیم کیلئے سازگار محسوس ہو رہی ہے تاہم اہمیت کی حامل بات یہ ہوگی کہ جیت کیلئے طے شدہ منصوبے پر مناسب انداز سے عمل کیا جائے۔کورونا وائرس کے باوجود قومی ٹیم کی ٹیسٹ سیریز کیلئے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرنے والے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر وہ تمام تر تیاریوں سے مطمئن ہیں اگرچہ کورونا وائرس کی وجہ سے تین ماہ تک کھیل سے دوری کے باعث صفر سے اپنی محنت کا آغاز کرنا پڑا لیکن ٹیم مسلسل مشقوں اور ٹریننگ کے بعد بہترین شکل میں واپس آچکی ہے اور امید ہے کہ وہ ٹیسٹ سیریز کے دوران عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اگرچہ کھلاڑی تھوڑی سی گھبراہٹ کے باوجود میدان سنبھالنے کیلئے بے چین ہیں۔

انٹرا سکواڈ میچوں میں دو مرتبہ5وکٹوں کا کارنامہ انجام دینے والے فاسٹ باؤلر سہیل خان کی حتمی الیون میں شمولیت پر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سہیل خان نے کسی شک کے بغیر انٹر اسکواڈ میچوں میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن حتمی الیون کا انتخاب مانچسٹر کی کنڈیشنز اور حریف ٹیم کے کمبی نیشن کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا کیونکہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ بھی عمدہ صلاحیتوں کے مالک پیسرز ہیں ۔

قومی ہیڈ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز میں کوئی بھی فیورٹ نہیں کیونکہ جیت اسی ٹیم کی ہوگی جو بہترین کرکٹ کھیلے گی اور انہوں نے انگلینڈ میں کھیلنے کا تجربہ رکھنے والے کپتان اظہرعلی اور اسد شفیق سمیت دیگر تمام بیٹسمینوں کو ہدایت کردی ہے کہ وہ غیر ضروری دباؤ سے نجات پا کر اپنی کرکٹ کھیلیں کیونکہ اچھا آغاز ہی کامیابی کی ضمانت ثابت ہوگا جبکہ بابر اعظم،عابد علی اور شان مسعود بھی بہترین کھیل کیلئے پرعزم ہیں۔

error: Content is protected !!