شارجہ (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کل سے شروع ہو گی۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں کل پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے آمنے سامنے ہوں گی۔ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی آج شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کی گئی جس میں دونوں ٹیموں کے کپتان اور آفیشلز نے شرکت کی۔پاکستان کے خلاف آسٹریلوی اسکواڈ کپتان ایرون فنچ، عثمان خواجہ، ہینڈس کومب، شان مارش، مارکس اسٹونس، ایشٹن ٹرنر، گلین میکسویل، پیٹ کمنس، جیسن بینڈروف، جے رچرڈسن، نیتھن لیون، کین رچرڈسن، ایڈم زامپا اور نیتھن کولٹر نیل پر مشتمل ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت شعیب ملک کریں گے جب کہ 16 رکنی قومی اسکواڈ میں امام الحق، عابد علی، شان مسعود، عمر اکمل، حارث سہیل، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد رضوان، محمد عامر، جنید خان، محمد عباس، عثمان خان شنواری، یاسر شاہ، سعد علی اور محمد حسنین شامل ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو بھارت کو ہرا کر آئی ہے۔دوسری جانب آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کا کہنا ہے سینئر کھلاڑیوں کے نہ ہونے کے باوجود پاکستان معیاری ٹیم ہے، ہمیں گیم پلان کے مطابق کھیلنا ہوگا۔