اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کپ2019‘دو اپریل سے 12اپریل تک پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔ ’پاکستان کپ2019‘کا پہلا میچ آج دو اپریل بروز منگل کو پنجاب اور بلوچستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔اس حوالے سے گذشتہ روز پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میںپاکستان کپ2019‘کی ٹرافی کی اور آفیشل سپانسر مغل سٹیل کے لوگو کی رونمائی کی گئی۔اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے جی ایم ڈومیسٹک شفیق احمد ،سپانسر محمد سجاد اور پانچوں ٹیموں کے کپتان عمر گل،کامران اکمل،سلیمان بٹ ،اسد شفیق اور محمد نواز بھی موجود تھے ۔شفیق احمد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ون ڈے کپ ڈومیسٹک کرکٹ کا ایک اہم ایونٹ ہے ، کرکٹر ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ سے ڈویلپ ہوتا ہے اور وہ قومی ٹیم میں جگہ بناتا ہے ،جیتے والی ٹیم کو 20لاکھ روپے اور رنر اپ ٹیم کو 10لاکھ روپے جبکہ انفرادی کارکردگی پر بہترین بیٹسمین،بولر،وکٹ کیپر اور فیلڈر کو ایک،ایک لاکھ روپے انعام دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم ملک کا ایک اہم ترین سٹیڈیم ہے اور جڑواں شہروں کے شائقین کرکٹ یہاں آکر میچوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں ،اس ٹورنامنٹ کے ذریعے بیرونی دنیا کو پیغام دینا ہے کہ ہم کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی پی ایس ایل فور دھوم دھام سے اختتام پذیر ہوا ہے اور اگلے سال اس کے میچز پنڈی میں بھی ہو نگے ،اس حوالے سے ابھی کام کا آغاز ہو چکا ہے۔شفیق احمد نے کہا کہ ورلڈ کپ کو مد نظر رکھتے ہوئے پنڈی کی وکٹ ہارڈ ،باونسی اور گراسی بنائی گئی ہے جو کہ تجربہ کار بیٹسمینوں کے علاوہ باولرز کیلئے بھی مدد گار ثابت ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ ٹاپ کے 75کھلاڑیوں کو تقسیم کرکے پانچ ٹیمیں بنائی گئی ہیں جبکہ ٹورنامنٹ کی ٹکٹ 100اور50روپے رکھی گئی ہے۔
اسد شفیق، کپتان بلوچستان نے کہا کہ کوشش ہے کہ بہتر کارکردگی دکھائیںاور ورلڈ کپ کی ٹیم میں جگہ بنا سکیں ، ورلڈ کپ کی سر پر ہےاور ٹورنامنٹ جیتنے کی کوشش کرینگے ۔محمد نواز( فیڈرل ایریا) نے کہا کہ ہماری اچھی ٹیم ہے ،ہم دو مرتبہ چمپیئن رہ چکے ہیں ،اس بار بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے،ورلڈ کپ سے قبل اچھا ایونٹ ہے ۔عمر گل ،کپتان سندھ نے کہا کہ ہماری ٹیم اچھے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے تاہم سب بیلنس ٹیم ہیں ، کوشش ہو گی کہ جونئرز کیلئے رول ماڈل بنیں،ورلڈ کپ سے قبل اچھا موقع ہے کہ کھلاڑی اپنی فٹنس بہتر بنا سکیں۔سلمان بٹ، کپتان خیبر پختونخواہ نے کہا کہ پاکستان کے ٹاپ کے کھلاڑی اس ایونٹ کا حصہ ہے ،یہ میرے لیئے عزت کا مقام ہے کہ مجھے کپتان بنایا گیا،ہم مثبت کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرینگے۔کامران اکمل ،کپتان پنجاب ٹیم نے کہا کہ پاکستان کپ ہمیشہ اچھا ہوتا ہے ، کھلاڑیوں کیلئے اچھا موقع ہے ،جو اچھی کارکردگی دکھائے گا ورلڈ کپ میں جگہ بنا سکے گا،پنڈی سے بھرپور سپورٹ ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا کام پرفارمنس دینا ہے اور ٹیم کیلئے سیلیٹ کرنا سلیکشن کمیٹی کا کام ہے۔ میں پنجاب،سندھ،بلوچستان،خیبر پختونخوا اور فیڈرل ایریا کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔مذکورہ کپ کے میچز دن دو بجے شروع ہو نگے جبکہ فائنل 12اپریل کو کھیلا جائیگا۔