کراچی (اسپورٹس رپورٹر) برائٹ جیم خانہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کے پی آئی شارک کو 3وکٹوں سے شکست دے کر چوتھے سعید اختر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں اپنی رسائی کو یقینی بنالیا۔ 131رنز کے ہدف کو فاتح ٹیم نے 18.3اوورز میں یقینی بنالیا۔حیدر بنگش نے 41رنز کی شاندار اننگز کھیلی اورشعیب ابراہیم نے 4کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھاکر ناکام سائیڈ کے اسکور کو 130 رنز پر محدود کردیا۔ کے پی آئی گراؤنڈ پر کے پی آئی شارک نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں پر 130رنز جوڑے گئے۔ انوپ روی نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 7چوکے اور2چھکے لگا کر 90رنز کی اننگز کھیلی۔ عاطف بیگ نے 33رنز اسکور کئے۔ شعیب ابراہیم نے شاندار اور کفایتی بولنگ کرتے ہوئے 25رنز کے عوض 4حریف بلے بازوںکو پویلین روانگی پر مجبور کردیا۔خان مہر اور افضل قریشی نے 2,2کھلاڑیوںکو چلتا کیا۔برائٹ جیم خانہ نے جوابی اننگز میں مطلوبہ ہدف کو 7وکٹوں پر یقینی بنالیا گیا جب 18.3اوورز میں 131رنز اسکور بورڈ پر لگائے گئے۔ حیدر بنگش 41رنز بنا کرک اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر بنے جبکہ سید علی نسیم نے 25ار مبشر احمد نے صرف 9گیندوںکا سامنا کرکے جارحانہ 20رنز بنائے۔ منظور خان نے 3حریف بلے بازوں کو نشانہ بنایا۔محمد عمر اور عاقب رضوی نے 2,2کھلاڑیوںکو چلتا کیا۔