راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ) ذیشان زیب نے پہلی ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نیشنل جونیئر سکواش چیمپین شپ جیت لی، انڈر 17 کیٹگری میں اسداللہ جبکہ انڈر 11 کیٹگری میں ابراہیم زیب نیشنل چیمپئن بن گئے۔ مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر کینٹ زاہد خان نے انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر ایئر کموڈور (ر) آفتاب قریشی، ڈاکٹر جمال ناصر، طاہر ایوب، چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی چوہدری نعیم انور اور ڈی ایس او عبدالوحید بابر بھی موجود تھے۔ بینظیر بھٹو سکواش کمپلیکس لیاقت باغ راولپنڈی میں انڈر 11 کیٹگری کے فائنل میں ابراہیم زیب نے عبیداللہ کو 11-9، 11-9 اور 11-8 (3-0) سے شکست دی۔ انڈر 17 کیٹگری کے فائنل میں اسداللہ نے عباس زیب کو 12-4، 11-3، 11-7 اور 11-4 (3-1) سے ہرا دیا۔ انڈر 19 کیٹگری میں ذیشان زیب نے عزیر شوکت کو 11-7، 11-7 اور 11-5 (3-0) سے شکست دے کر جونیئر نیشنل چیمپئن بن گئے۔ ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم تین لاکھ روپے کھلاڑیوں میں تقسیم کی گئی۔