لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق سپورٹس کے فروغ کے لئے ہنگامی اقدامات کئے ہیں جس کے تحت سپورٹس بورڈ پنجاب اب اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام کررہا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے 8 سال بعد سالانہ سپورٹس کیلنڈر اور پنجاب گیمز کو بحال کرکے سپورٹس کی سرگرمیوں کو دوبارہ بحال کردیا ہے، جمعہ کے روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ سالانہ سپورٹس کیلنڈر کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوچکا ہے اور انٹر ڈویژن سطح پر کھیلوں کے دوسرے مرحلے کا پہلا فیز بھی کامیابی سے مکمل ہوگیا ہے جس میں باکسنگ، کبڈی اور کرکٹ بوائز اور گرلز کے مقابلے ہوچکے ہیں، دوسرے مرحلے میںبھی کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دوسرے مرحلے میں بھی نئے کھلاڑی ابھر کر سامنے آئے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، انہوں نے مزید کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کھلاڑیوں کو نئے مواقع فراہم کرتا رہے گا، 72ویں پنجاب گیمز 2019ء میں تین ہزار کھلاڑی شریک ہوئے جس سے سپورٹس کا کلچر پروان چڑھا، پنجاب گیمز میں کھلاڑیوں نے جوش و جذبہ سے حصہ لیا، تمام گیمز میں کھلاڑیوں کی نئی کھیپ سامنے آئی ہے جن کی مزید تربیت کریں گے اور ان کو قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کے لئے تیار کریں گے۔