کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کے سی سی اے زونIVکی زیرنگرانی دوسرا فضل محمود نیشنل کلب چمپئن شپ میں 3میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ ملیر جیم خانہ نے ینگسٹرجیم خانہ کیخلاف 154رنز سے کامیابی حاصل کی۔عماد عالم اور ذیشان حیدر نے سنچریاں اسکورکیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے مابین دوسری وکٹ پر 154رنز بنائے گئے۔ ماڈرن جیم خانہ کو انقلاب سی سی پر 91رنز کی یکطرفہ فتح حاصل ہوئی۔ اختیار علی کی نصف سنچری اور 2وکٹیں۔ حفیظ احمد کی نصف سنچری اور 2وکٹیں رائیگاں گئیں۔ برائٹ سی سی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں ملیر کنٹونمنٹ جیم خانہ کیخلاف ایک وکٹ سے کامیابی حاصل ہوئی۔محمد بابر کی 4وکٹوں اور عمران رضا کے 47رنز کا اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کرداررہا۔پاک اسٹار گراؤنڈ ملیر پر کھیلے گئے پہلے میچ میں ملیر جیم خانہ کی مضبوط ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ35اوورز میں ایک وکٹ پر 247رنز بنائے۔ عماد عالم نے 15چوکوں اور 5چھکوں کی مدد سے 154رنز کی دھماکے دار اننگز کھیلی۔ذیشان حیدر کے 105رنز 11چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے بنے۔ سید معین الدین کو حریف ٹیم کی واحد وکٹ 35رنز کے عوض حاصل ہوئی۔ینگسٹرجیم خانہ کی جوابی اننگز 105رنز پر تمام ہوگئی۔ نعمان احمد 5چوکوں اور3چھکوں کے ساتھ 43رنز بنا کر نمایاں رہے۔ احمد علی نے20رنز میں 2چوکے اور عفان احمد نے 19رنز میں4چوکے لگائے۔ عماد عالم نے 22رنز پر 3کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔ ذیشان حیدر اور اسد اﷲ نے 2,2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔دوسرے میچ میں ماڈرن جیم خانہ نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 40اوورز میں 9وکٹوں پر 248رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ اختیار علی نے 8چوکوں کی بدولت 55رنز بنائے۔ وقار احمد کے کے 36رنز میں 3چوکے اور 2چھکے اور ارشد اقبال کے 34رنز میں 4چوکے شامل تھے۔رضوان عزیز اور محمد فضیل نے 3,3جبکہ 2وکٹیں حفیظ احمد کو ملیں۔انقلاب سی سی مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 157رنز پر ہمت ہار گئی۔ حفیظ احمد 5چھکوں اور 3چوکوں کی مدد سے 55رنز کے ساتھ بھرپور مزاحمت کرتے نظر آئے۔ کاشف خان نے 32رنز میں 3چوکے اورابراہیم خان کے 22رنز میں ایک چھکا اور ایک چوکا شامل تھا۔ثاقب محمود کو 48رنز پر 3وکٹ ملے جبکہ اختیار علی اور ذاکر رحمن کے ہاتھ 2,2وکٹ لگے۔تیسرے میچ میں ملیر کنٹونمنٹ جیم خانہ نے 38ویں اوورز میں تمام وکٹوں پر 170رنز جوڑے۔صابر مسیح 5چوکے لگا کر39رنز ، عدنان خان 4چوکوں کے ساتھ 29رنز فریاد خان 2چوکوں کے ہمراہ 27رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔ محمد بابر نے 25رنز پر 4مہرے کھسکائے۔ بدرالحسن نے 42رنز پر 3اورسید محی الدین نے 36رنز پر 2کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ برائٹ سی سی نے آخری اوورمیں 9وکٹوں پر 171رنز سمیٹ کر فتح اپنے نام کی۔ عمران رضا نے47رنز میں 3چوکے لگا کر اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔ عبدالرحمن نے 30رنز میں 4چوکے اور ایک چھکا لگا یا ۔بدر الحسن کے 21رنز میں 3چوکے شامل تھے۔ معاز احمد اور حیدر محمد نے 3,3وکٹیں اپنے نام کیں۔